کرکٹر اعظم خان نے اپنے انسٹا گرام سے تمام تصاویر کیوں ہٹا دیں؟

کبھی اپنے وزن کی وجہ سے ٹرولنگ، تو کبھی معین خان کا بیٹا ہونے پر سفارشی ہونے کے طعنے، کبھی وزن کے معاملے پر ٹرولنگ ہونے پر دکھی بیان تو کبھی اپنی مزاح کی عادت کی وجہ سے ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ، پاکستان کرکٹر ٹیم کے سٹار کرکٹر اعظم خان ہروقت خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔
تاہم اب کی بار اعظم خان کا انسٹاگرام خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ پاکستانی بلے باز نے اپنے انسٹاگرام سے تمام تصاویر اور ویڈیوز ہٹادی ہیں۔ اس کے پیچھے وجہ کیا ہے؟ اس پر ابھی اعظم خان کا بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بری پرفارمنس دکھانے پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سےانہوں نے ممکنہ طور پر دلبرداشتہ ہو کر یہ عمل کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کیاپاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے تیار ہے؟
انگلینڈ کے خلاف اچھی پرفارمنس نہ دینے پر اعظم کو اس بار بھی فٹنس اور وزن کی وجہ سے ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ انکے لیئے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تاہم انہیں اس وقت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب انہیں اپنےوالد سٹار کرکٹر معین خان کا بیٹا ہونے پر سفارشی ہونے کا طعنہ دیا جاتا ہے۔
اس سے قبل پی ایس ایل میں اعظم خان نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی جس کے بعد سے وہ لوگوں کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے تھے۔ تاہم جذباتی پاکستانی کرکٹ فین جس طرح محبت کرتے ہیں اسی طرح ٹرولنگ میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔
چند روز قبل اعظم خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ڈالرز سے پسینہ صاف کر رہے تھے۔ صارفین نے ان کی اس ویڈیو کو بہت زیادہ انجوائے کیا تھا۔ یاد رہے کہ اعظم خان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔