
سید علی حیدر (فرضی نام) ایک نجی بینک میں ملازمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال سٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹ بہت کم مقدار میں چھاپے گئے ہیں اور بینکوں کو تھوڑی تھوڑی رقم ہی مہیا کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ معیشت کا اصول ہے کہ آپ جب نئے کرنسی نوٹ دھڑا دھڑ چھاپتے ہیں تو اس سے افراطِ زر پیدا ہوتا ہے اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
لیکن اب عام شہری کو یہ معاشی اصول سمجھانا بہت مشکل ہے۔ شہری عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی نئے کرنسی نوٹوں کے حصول میں اس قدر مشغول ہو جاتے ہیں کہ اگر انہیں اس کیلئے لمبی لائنوں میں لگنا پڑے تو وہ اس سے گریز نہیں کرتے۔
اکثر بینک ملازمین کے بقول عید الفطر پر نئے نوٹ نہ ملنے کی وجہ سے ان کے کچھ عزیز ان سے رشتے ناطے توڑنے پر اتر آئے ہیں۔
نئے کرنسی نوٹ کیلئے ناراضگی مول لینے، لائنوں میں لگنے کے ساتھ ساتھ شہری بلیک پر بھی فریش نوٹ خرید رہے ہیں۔
ایسے میں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر ایسی کیا آفت آ گئی ہے کہ ہم نئے نوٹوں کے بغیر عید نہیں منا سکتے؟
نئے کرنسی نوٹ کی بلیک میں فروخت ، عوام ذلیل و خوار:
بینکوں میں کم کرنسی نوٹ میسر ہونے کی وجہ سے شہری اب مارکیٹ سے بلیک میں کرنسی خرید رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جتنا چھوٹا نوٹ ہے اس پر اتنی زیادہ قیمت وصول کی جارہی ہے کیونکہ اس کی مانگ زیادہ ہے۔
دس روپے کے نئے نوٹ کی کاپی/ گڈی 1600 سے 1700 روپے میں فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 20 روپے کے کرنسی نوٹ 2600 سے 2700 روپے میں مل رہے ہیں۔
اسی طرح 50 کے نوٹوں کی گڈی / کاپی پر 1200 سے 1300 روپے تک کی اضافی رقم وصول کی جارہی ہے۔
یہ سلسلہ اسی طرح بڑھتے بڑھتے ہر کرنسی نوٹ تک پہنچ گیا ہے۔ لیکن عوام بلیک میں خرید رہی ہے اور اس کیلئے بلیک مارکیٹنگ والوں کے نخرے بھی برداشت کر رہی ہے۔
عوام کا فریش نوٹ کے حصول میں مشکلات پر رد عمل:
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے نئے نوٹوں کے حصول میں مشکل کو بیان کیا گیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ” اسٹیٹ بینک کا عوام کو نئے کرنسی نوٹ دینے سے صاف انکار، بینکوں سے بھی نئے نوٹوں کا حصول مشکل، کراچی میں گڈیوں کی بلیک میں فروخت جاری، کراچی کی بولٹن مارکیٹ میں نوٹوں کی گڈیاں بلیک میں فروخت ہو رہی ہیں۔ 100 روپے کی گڈی پر 600 روپے اور 50 روپے کی گڈی 5900 روپے کی ہے۔”
ایک اور صارف نے لکھا کہ پورا سال جو تعلقات بنتے ہیں وہ عید سے ایک ہفتہ قبل خراب ہو جاتے ہیں، جسکی وجہ نئے کرنسی نوٹ ہیں۔
ایک شہری نے عوام سے اپیل کہ وہ بلیک پر کرنسی فروخت کرنے والوں کی ویڈیو ضرور اپلوڈ کرے تا کہ ایکشن ہو سکے۔