ایران کا اسرائیل پر حملہ؛ اسرائیل میںکہرام،ویڈیوز وائرل

ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر دیا اور اس حملے کی تصدیق اسرائیل کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔ ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کر دیا۔
حملے کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی میزائل زمین کو ٹکرا رہے ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ اسرائیل کا کس قدر نقصان ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی حملے کے بعد سے اسرائیل میں سائرن بجتے سنائی دیئے جبکہ لوگ پناہ لینے کیلئے ادھر ادھر بھاگتے دکھائی دیئے۔
اس حوالے سے سینئر ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ان حملوں کا حکم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے دیا گیا۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بھی ممکنہ رد عمل کی صورت میں ایران مکمل تیار ہے۔
پاسداران انقلاب نے ان حملوں کو اسماعیل ہنیہ، حسن نصراللہ اور نلفروشان کی شہادتوں کا بدلہ لینے کیلئے کیا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 400 کے قریب میزائل داغے ہیں جبکہ فائر کئے گئے میزائلوں کا ہدف اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب ہے۔
مزید پڑھیں:اسماعیل ہانیہ کے بعد امت مسلمہ کا ایک اور بڑا نقصان
دوسری جانب اسرائیلی جنگی کابینہ نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیل کے سب سے بڑی حمایتی امریکہ میں صدر جوبائیڈن کی صدارت میں بھی اجلاس جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ اسرائیل حملوں کا جواب ضرور دے گا جبکہ امریکی فوج اسرائیل کے تحفظ کیلئے مدد کو تیار ہے۔
ایرانی میزائلوں کے زمین سے ٹکرانے نے ثابت کیا ہے کہ اسرائیل کا ناقابل شکست ڈیفینس سسٹم دراصل ایک کھوکھلے دعوے کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز لبنان میں اسرائیلی حملے کے دوران حزب اللہ قائد حسن نصراللہ جان کی بازی ہا گئے تھے۔