اپنا مویشی اپنا روزگار پروگرام 25

وزیر اعلیٰ‌پنجاب کا اپنا مویشی اپنا روزگار پروگرام کا آغاز

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دیہی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے حکومت پنجاب نے "اپنا مویشی، اپنا روزگار” پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت مستحق دیہی خواتین کو مفت مویشی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ دودھ کی پیداوار اور مویشی پالنے کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے خاندان کی کفالت میں مؤثر کردار ادا کریں۔

 

اپنا مویشی اپنا روزگار پروگرام سے کون مستفید ہوگا؟

 

حکومت پنجاب کے مطابق اپنا مویشی اپنا روزگار پروگرام کے پہلے مرحلے میں صوبے کے 13 اضلاع کی مستحق خواتین کو مفت گائے اور بھینسیں فراہم کی جائیں گی۔ ان اضلاع میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، تونسہ، وہاڑی، لودھراں، ملتان اور خانیوال شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اس اسکیم سے صرف دیہی علاقوں میں رہائش پذیر طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین مستفید ہو سکیں گی، جن کی عمر 55 سال یا اس سے کم ہو۔ مزید برآں درخواست گزار کا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سے تصدیق شدہ ہونا بھی لازمی شرط قرار دیا گیا ہے۔

 

اپنا مویشی سکیم کیلئے اپلائی کیسے کریں؟

حکام کا کہنا ہے کہ اہل خواتین اپنی درخواستیں قریبی ویٹرنری ہسپتال یا حکومت کی جانب سے قائم سہولت ڈیسک پر جمع کرا سکتی ہیں، جبکہ آن لائن درخواست دینے کے لیے چچچ پورٹل بھی دستیاب ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد دیہی خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانا، غربت میں کمی لانا، دیہی معیشت کو فروغ دینا اور خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مویشیوں کی فراہمی سے خواتین کے لیے مستقل آمدن کا ذریعہ پیدا ہوگا، جس سے نہ صرف ان کے خاندانوں کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا بلکہ دیہی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

حکومت نے اہل خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ اس فلاحی پروگرام سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں