
بین الاقوامی سطح پر پے پال کی سروس فری لانسنگ ادائیگیوں اور وصولیوں کیلئے معتبر مانی جاتی ہے۔ تاہم پاکستان میں پےپال کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے اکثر فری لانسرز کو کلائنٹس سے وصولیوں میں دقت پیش آتی ہے۔
اب چونکہ آن لائن ورکنگ کا رحجان عام ہو رہا ہے، بعض اوقات ایک پراجیکٹ اس وجہ سے چھن جاتا ہے کہ ادائیگی کرنے والا کلائنٹ پے پال کے علاوہ کسی اور سروس کے استعمال کے حق میں نہیں ہوتا۔ اسی وجہ سے بہت سے فری لانسرز اکثر کسی دوسرے کے پے پال اکاؤنٹ میں پیسے ڈلوا کر اسے ٹرانسفر فیس ادا کر کے اپنی کمائی وصول کرتے ہیں۔
یہ طریقہ غیر محفوظ بھی ہے اور ناقابل اعتبار بھی۔ ایسے میں اچھی کمیونیکیشن سکلز رکھنے والا فری لانسرز کلائنٹ کو متبادل ایپ پر رقم ٹرانسفر کرنے کیلئے منا ہی لیتے ہیں۔
اگر آپ کلائنٹ سے اچھی بات چیت کے بعد پراجیکٹ حاصل کر لیتے ہیں تو آپ اپنی گفتگو کی مہارت سے اسے کسی اور بین الاقوامی سروس کے ذریعے ادائیگی پر آمادہ بھی کر سکتے ہیں۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ پےپال سروس کے نہ ہونے کے باوجود پاکستانی فری لانسرز انٹرنیشنل کلائںٹ سے اپنی رقم کیسے وصول کریں۔
پے پال کے آسان متبادل جو بین الاقوامی سطح پر مقبول ہیں
پیونیر (Payoneer)
پاکستان میں رہتے ہوئے بین الاقوامی کلائنٹ سے پیسے وصول کرنے کی سب سے بہترین سروس پیونیر ہے۔ پیونیر سب فری لانسنگ پلیٹ فارمز جیسا کہ Fiverr, Upwork, Freelancer کے ساتھ بھی جڑ جاتی ہے۔ اس سروس سے آپکو امریکا، یورپ اور برطانیہ کا ورچوئل بینک نمبر ملتا ہے۔
آپ کلائنٹ کو وہ نمبر مہیا کرتے ہیں اور رقم آپ کے پیونیر اکاؤںٹ میں شفٹ ہو جاتی ہے۔ وہاں سے آپ بآسانی اپنے پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کو پیونیر کا ماسٹر کارڈ بھی مل جاتا ہے۔
یہ ایک محفوظ سروس بھی ہے اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سے منظور شدہ بھی ۔
تاہم پیونیر سے بینک ٹرانسفر پر 2 فیصد کے حساب سے کٹوتی ہوتی ہے جو ایک بڑی رقم ہے۔ تاہم یہ پھر بھی کسی اور کے پے پال سے اپنے اکاؤنٹ ٹرانسفر کرانے کی نسبت محفوظ طریقہ ہے۔
وائز / ٹرانسفرWise (Wise)
وائز جو کہ ٹرانسفر وائز کے نام سے بھی جانی جاتی ہے ، سستی ترین طریقوں میں سے ایک ہے جس کے ذریعے پاکستانی فری لانسرز بین الاقوامی کلائنٹس سے رقوم وصول کر سکتے ہیں۔
0.4 فیصد تک کی کم فیس اور تیز 50 سے زائد کرنسی ایکسچینج کی سہولت اسے ایک پے پال کے بہترین مبتادل کے طور پر پیش کرتی ہے۔
کلائنٹ کی سہولت کیلئے اسے وائز اکاؤنٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔ وہ بینک سے ہی رقوم کی ترسیل کر سکتا ہے۔
اگرچہ بعض کلائنٹس اس سے نامانوس ہونے کی وجہ سے ٹرانسفر سے کراتے ہیں لیکن فری لانسرز انہیں وائز کی انٹرنیشنل سہولیات پر قائل کر کے اپنی رقوم باآسانی وصول کر سکتے ہیں۔
براہ راست بینک ٹرانسفر (Wire Transfer / SWIFT)
بڑی رقوم کیلئے عموماً SWIFT یا Wire Transfer کے ذریعے پاکستان کے تمام بینکوں میں ڈائریکٹ رقوم وصول کر سکتے ہیں۔
اس میں کوئی تھرڈ پارٹی نہیں ہوتی اس لئے یہ ایک محفوظ ٹرانسفر ہے۔ اس میں بڑی رقم کے ٹرانسفر کیلئے فیس کم ہے ۔ تاہم چھوٹی رقوم پر فیس زیادہ لگ جاتی ہے اس لئے یہ چھوٹے فری لانسرز کیلئے مشکل ہو جاتا ہے۔
اس کے علاوہ بعض اوقات 3 سے پانچ دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے جو کلائنٹ اور فری لانسر دونوں میں عدم اعتماد اور پریشانی پیدا کرسکتا ہے۔
فری لانسنگ پلیٹ فارم سے ڈائریکٹ منتقلی
سب سے محفوظ طریقہ فری لانسنگ پلیٹ فارم Upwork, Fiverr وغیرہ ہیں جہاں سے Payoneer یا اپنے بینک اکاؤنٹ میں رقوم ترسیل کی جاسکتی ہے۔
اگر کوئی کلائنٹ آپ کو فری لانسنگ پلیٹ فارم سے ہٹ کر کام دیتا ہے تو اسے گزارش کریں کہ وہ آپ سے فری لانسنگ پلیٹ فارم پر ڈیل کرے۔ ایسا کرنے سے دونوں اطراف کا معاہدہ محفوظ بھی ہو جائے گا اور رقوم کی ترسیل کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔
اختتامی ہدایات
پاکستان میں پےپال سروس نہ ہونے سے فری لانسرز کیلئے مشکلات ضرور ہیں۔ تاہم بہت سے کلائنٹس اس لئے بھی کتراتے ہیں کہ وہ بہتر متبادل سے نا واقف ہوتے ہیں۔
آپ کلائنٹ سے پراجیکٹ کی گفتگو کے ساتھ اسے نئے پلیٹ فارمز جیسا کہ پیونیر، وائز وغیرہ سے متعارف کرائیں۔ ان کے علم میں اضافہ کر کے آپ کلائنٹ کو باآسانی متبادل رقوم کی تفصیلی کے پلیٹ فارمز پر قائل کر سکتے ہیں۔



