کونسلر قیصر عباس گوندل کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ
کونسلر قیصر عباس گوندل کی سیاسی، سماجی و رفاہی خدمات کے اعتراف میں الغازی فاؤنڈیشن برطانیہ کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

وائس چئیرمین برٹش پاکستانی مئیرز ایسوسی ایشن یوکے و تھرک کونسل کے انچاسویں ڈپٹی مئیر کونسلر قیصر عباس گوندل کی سیاسی، سماجی و رفاہی خدمات کے اعتراف میں الغازی فاؤنڈیشن برطانیہ کی جانب سے خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔
ایوارڈ لندن میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا گیا جس میں معروف مذہبی و سماجی رہنماؤں سمیت سینکڑوں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
ایوارڈ کی تقریب سے کونسلر قیصر عباس کا خطاب:
ایوارڈ پیش کرتے ہوئے تقریب کے میزبان و معروف ٹی وی اینکر عمران نقوی نے کہا کہ "کونسلر قیصر عباس گوندل نے تمام کمیونٹیز و مذاہب کے لوگوں کی کووڈ اور اس کے بعد بے لوث و بلاتفریق خدمت کی ہے۔ ان جیسے کونسلرز ہی حقیقی تبدیلی کا باعث بنتے ہیں اور انکی خدمات کا اعتراف ضروری ہے۔ ”
اس موقع پر بات کرتے ہوئے کونسلر قیصر عباس گوندل نے کہا "میرے لئے اس ایوارڈ کا ملنا ایک اعزاز ہے جس کے لئے میں الغازی فاؤنڈیشن کا مشکور ہوں۔ میں پوری ذمہ داری اور ایمانداری سے عوامی و فلاحی خدمت جاری رکھوں گا۔”
کونسلر قیصر عباس کوندل نے مختلف عہدوں پر رہتے ہوئے درجنوں پراجکٹس کو پائے تکمیل تک پہنچایا اور انکی خدمات کے اعتراف میں انکو متعدد نیشنل اور انٹرنیشنل آرگنازیشنز کی طرف سے کئی ایوارڈز مل چکے ہیں۔
کونسلر قیصر عباس گوندل کی خدمات کا مختصر احاطہ:
قیصر عباس گوندل نہ صرف تھرک کونسل بلکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے سماجی بہبود کے کام اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے رنگ ، نسل، ذات پات سے مبرا ہو کر عملی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
کووڈ-19 کے دوران ان کی خدمات ان گنت ہیں جس میں انہوں نے ویکسین بسز اور مفت طبی معائنوں کے ذریعے کمیونٹی کی صحت کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
ان کے منصوبے "میوزک ہیلز دی سول” Music Heals the Soul اور "ریلیجیس ہیلنگ” Religious Healingنے لاک ڈاؤن کے دوران جذباتی اور روحانی سکون فراہم کیا۔
کونسلر قیصر عباس نے ویسٹ تھرک میموریل پارک کے لیے 40,000 پاؤنڈز کی گرانٹ حاصل کی، جس کی بدولت اب وہاں نئے کھیل کے آلات، ٹینس نیٹ اور بہتر سہولیات موجود ہیں۔
انہوں نے سڑکوں کی مرمت، عوامی نوٹس بورڈز کی تنصیب، اور ویسٹ تھرک قبرستان کی بہتری جیسے اقدامات بھی کیے، جن میں گڑھے بھرنا اور نئی باڑیں لگانا شامل ہیں۔
کونسلر قیصر عباس نے ویسٹ تھرک پوسٹ آفس کو بند ہونے سے بچایا، جس سے رہائشیوں کو اہم سہولت تک رسائی ممکن ہوئی۔
تھرک میں کونسلر قیصرعباس کی قیادت میں ثقافتی اور ہم آہنگی کو فروغ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مختلف روایات کو منانے کے لیے پلیٹ فارمز مہیا کیے۔ ان کے اقدامات، جیسے بین المذاہب کانفرنسز اور ثقافتی فلموں کے پریمیئرز کا انعقاد، تھرک کی متنوع ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں پانی صاف کرنے والے پلانٹس کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے، جو روزانہ 21,000 لیٹر سے زیادہ صاف پانی عوام الناس کو مہیا کر رہے ہیں۔
چاگوسیائی مہاجرین کی مدد سے لے کر عالمی سانحات کے لیے آگاہی ایونٹس کے انعقاد تک، کونسلر قیصر عباس نے مسلسل کمزور طبقات کی حمایت کی ہے۔ ان کی سالانہ آگاہی رائیڈز، اور جنوبی ایشیائی ورثے کے مہینے کو منانے والے ایونٹس ان کی اتحاد اور تعلیم کے لیے گہرے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔