پاکستان میں سیاسی شخصیات کی تعریفوں کا اپنا ایک الگ ہی انداز ہے، لیکن وزیراعظم شہباز شریف کے معاملے میں یہ سلسلہ اب ایک نئی سطح پر پہنچتا دکھائی دے رہا ہے۔ پہلے وزیراعظم کی ذہانت کا موازنہ معروف سائنسدان آئزک نیوٹن سے کیا گیا اور اب پیش گوئی کردی گئی ہے کہ مستقبل میں شہباز شریف کے گورننس ماڈل پر پی ایچ ڈی ہوا کرے گی۔
یہ پیش گوئی وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کی۔
نیوٹن کے بعد اب یونیورسٹیوں کی باری!
حذیفہ رحمان کا کہنا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب پاکستان میں شہباز شریف کے گورننس ماڈل پر پی ایچ ڈی کی جائے گی۔ ان کے مطابق ترقی پذیر معاشروں میں غیر معمولی ذہانت رکھنے والے افراد کو اکثر ان کی زندگی میں وہ پذیرائی نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں آئن اسٹائن اور نیوٹن کی مثالیں بھی دیں۔
گویا وزیراعظم کی صلاحیتوں کو سمجھنے کے لیے اب صرف سیاسی تجزیے کافی نہیں رہیں گے، مستقبل کے محققین کو بھی میدان میں اترنا پڑے گا۔
آئی کیو سے کابینہ تک، تعریفوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ
حذیفہ رحمان کی جانب سے وزیراعظم کی تعریف کا یہ پہلا موقع نہیں۔ چند روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے شہباز شریف کا آئی کیو 158 سے 160 کے درمیان قرار دیتے ہوئے اس کا موازنہ نیوٹن کے اندازاً آئی کیو سے کیا تھا۔
انہوں نے وزیراعظم کی غیر معمولی محنت کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صبح سے رات تک کام کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے بقول اگر شہباز شریف کے اختیار میں ہو تو وہ 55 رکنی کابینہ میں سے 52 یا 53 وزرا کو فارغ کر دیں۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی خاصی دلچسپ بحث ہوئی۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر وزیراعظم کا معیار اتنا بلند ہے تو پھر کابینہ کے باقی ارکان اس معیار پر پورا کیوں نہیں اترتے؟
پی ایچ ڈی میں کیا پڑھایا جائے گا؟
اب جب شہباز شریف کے گورننس ماڈل پر پی ایچ ڈی کی پیش گوئی ہو ہی گئی ہے تو مستقبل کے محققین کے لیے چند سوالات بھی اہم ہوں گے۔
کیا تحقیق میں وزیراعظم کے طویل اوقاتِ کار کو موضوع بنایا جائے گا؟ کیا کابینہ کے 52 یا 53 وزرا کو فارغ کرنے کی صلاحیت پر کوئی الگ مقالہ لکھا جائے گا؟ یا پھر اصل توجہ اس بات پر ہوگی کہ ایک وزیراعظم بیک وقت کتنے منصوبوں کی نگرانی کرسکتا ہے؟
تاہم کسی بھی گورننس ماڈل کی اصل کامیابی کا پیمانہ محض وزیراعظم کی محنت یا ذہانت نہیں بلکہ عوام کی زندگی میں آنے والی بہتری ہوتی ہے۔ مہنگائی، روزگار، تعلیم، صحت، معیشت اور سرکاری اداروں کی کارکردگی ہی وہ شعبے ہیں جن کی بنیاد پر کسی حکومتی ماڈل کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
فی الحال تو وزیراعظم کی ذہانت کا سفر نیوٹن سے ہوتا ہوا پی ایچ ڈی تک پہنچ چکا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ مستقبل میں اس موضوع پر تحقیق کرنے والے طلبہ کو حوالہ جات کے لیے کتنی کتابیں درکار ہوں گی اور عملی نتائج کے لیے کون سے اعدادوشمار پیش کیے جائیں گے!
