اہم خبریںپاکستان

جسٹس سرفراز ڈوگر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے فیورٹ

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کے سپریم کورٹ میں ممکنہ تبادلے کے بعد نئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی تقرری کے معاملے پر بڑی پیشرفت، دیگر ہائیکورٹس سے 3 ججز کو اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر کر دیا گیا، گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ سے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر ، سندھ ہائیکورٹ سے جسٹس خادم حسین سومرو ، بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس محمد آصف کو اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر ہونے والے ججز کی سنیارٹی:

صحافی ثاقب بشیر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں لائے گئے ججز کی سنیارٹی کا نمبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ آٹھ جون 2015 کو تعینات ہونے والے لاہور ہائیکورٹ میں 15 ویں نمبر پر موجود جج جسٹس سرفراز ڈوگر ، 14 اپریل 2023 کو تعینات ہونے والے سندھ ہائیکورٹ میں 26 نمبر پر موجود جج جسٹس خادم حسین سومرو اور 20 جنوری 2025 کو تعینات ہونے والے بلوچستان ہائیکورٹ میں 12 ویں نمبر پر موجود (ایڈیشنل) جسٹس محمد آصف کو اسلام آباد ہائیکورٹ لایا گیا ہے۔

دیگر ہائیکورٹس سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس لگانے پر سینئر ججز کا رد عمل:

یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں نئے ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کی نوٹیفکیشن کےبعد سے ہی یہ بحث چل نکلی تھی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے سپریم کورٹ جانے پر نیا چیف کون ہوگا؟
سینئر جج جسٹس محسن اخترکیانی تھے لیکن اسی دوران یہ بات سامنے آئی کے لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ لا کر چیف جسٹس بنایا جاسکتا ہے۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے 7 ججز کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر ہائیکورٹ کے ججز کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں کسی اور ہائیکورٹ سے جج کی ٹرانسفر کر کے انہیں چیف لگانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
ججز کی جانب سے نقطہ اٹھایا گیا تھا کہ جب کوئی جج کسی دوسری ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کیا جائے گا تو اسے نیا حلف لینا ہو گا اور اس حلف کے بعد سے ہی ان کی اس ہائیکورٹ میں سنیارٹی طے ہوگی۔ اس لئے کسی نئے جج کو اسلام آباد ہائیکورٹ لا کر چیف بنانا آئین کے ساتھ فراڈ ہوگا۔

مزید پڑھیں:‌لاہور ہائیکورٹ کے جج اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس

ججز نے اس خط میں گزارش کی تھی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ججز میں سے ہی چیف جسٹس کو چنا جائے۔
تاہم گزشتہ رات اچانک ہی تین ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس میں حیران کن طور پر جسٹس سرفراز ڈوگر کا نام موجود ہے جو کہ میڈیا پر زیرِ گردش تھا۔

جسٹس سرفراز ڈوگر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے فیورٹ:

اگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے موجودہ ججز میں سے دو ججز کے نام اور جسٹس سرفراز ڈوگر کا نام صدر پاکستان کو ارسال کیا جاتا ہے تو ممکنہ طور پر نئےچیف کیلئے صدر پاکستان سرفراز ڈوگر کو ہی چن سکتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ججز کی جانب سے اس بارے میں کوئی رد عمل آئےگا؟ کیا سینئر ججز ایسا ہونے کی صورت میں استعفیٰ دے سکتے ہیں؟ اس بارے کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button