انڈین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ معمہ بن گئی

دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی آفرز ملنے کے باوجود انڈین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے سے انکاری دکھائی دے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کیلئے اب نئے کوچ کی تلاش معمہ بن گئی ہے۔
اس وقت انڈین ٹیم کے ہیڈ کوچ کے ذمہ داریاں راہول ڈراوڈ ادا کر رہے ہیں تاہم ان کا یہ کوچنگ دورانیہ جون میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے اختتام کے ساتھ ہی ختم ہو جائے گا جس کیلئے انڈین کرکٹ بورڈ نے اب نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم کئی اسٹار کرکٹرز اس ذمہ داری کو لینے سے کترا رہے ہیں جو کہ انڈین ٹیم کیلئے اچھی خبر نہیں ہے۔
چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی آفر سٹار آسٹریلین کرکٹر اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کو کی گئی۔ ایک انٹرویو میں رکی پونٹنگ نے انکشاف کیا کہ انہیں یہ آفر ہوئی تھی تاہم وہ فل ٹائم کوچ بننے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
رکی پونٹنگ اس وقت آئی پی ایل فرنچائز دہلی کیپیٹلز کی کوچنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر انڈین ٹیم کی کوچنگ سے معذرت کی۔پونٹنگ کا کہنا ہے کہ زندگی کی دوسری مصروفیات کے ساتھ ایک ٹیم کا فل ٹائم کوچ ہونا ان کے لیئے ممکن نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:انڈین کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق رکی پونٹنگ کے علاوہ اینڈی فلاور، جسٹن لینگر اور کمارا سنگاکارا بھی انڈین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے معذرت کر چکے ہیں۔
سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگاکارا اس وقت آئی پی ایل فرنچائز راجھستان رائلز کی کوچنگ کے فرائض سرا نجام دے رہے ہیں۔ ان سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہ انڈین ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں؟
اس پر سنگاکارا کا کہنا تھا کہ نہ ان سے رابطہ کیا گیا ہے اور نہ ہی وہ انڈین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے وقت رکھتے ہیں۔ ترجمان بھارتی کرکٹ بورڈ نے رکی پونٹنگ اور جسٹن لینگر سے کوچنگ کیلئے آفر کیئےجانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ ممکنہ طور پر انڈین ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ بھارتی ہی ہو سکتےہیں۔ تاہم کرکٹ کی خبر رکھنے والے تجزیہ نگار اس پوسٹ کیلئے گوتھم گھمبیر کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔