
عمران خان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے عدلیہ بارے آئینی ترامیم پر عمران خان کا مؤقف سامنے آیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ قابض مافیا اور اس کے ہینڈلرز ملکی مفاد سے قطع نظر صرف اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عدلیہ کی آزادی پر حملہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ملک میں تمام اداروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
ایک سپریم کورٹ بچا ہے جوقوم کی آخری امید اور سہارا ہے۔ قوم کی اس آخری امید کو آئینی ترمیم کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایک مرتبہ پھر من پسند شخص کو ایکسٹینشن دینے کے لیے پورے ادارے اور ملک کے نظام کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انتخابی فراڈ کی شفاف تحقیقات سے بچ نکلنے کے لیے نئی آئینی ترامیم کی ذریعے قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کی کوشش کی جا رہی۔ 20 سے کم سیٹیں جیتنے والی ن لیگ عدلیہ پر بالکل اسی طرز کا حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس طرح مسلم لیگ ن کی حکومت نے 1997 میں ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا تھا۔ فرق صرف یہ ہے کہ اب کی بار حملہ عدلیہ کے اختیارات سلب کرکے کیا جا رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں آج ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پوری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے۔ عوامی مینڈیٹ سے عاری فارم 47 کی حکومت نے اگر آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو اپنے تابع کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جانتی ہے کہ عدلیہ کی حفاظت کیسے کرنی ہے۔ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم چپ کر کے بیٹھ جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ہم کسی صورت اس کو قبول نہیں کریں گے ۔
مزید پڑھیں:ججز کے حوالے سے حکومت کی ممکنہ آئینی ترمیم کیا ہو سکتی ہے
عدلیہ بارے آئینی ترمیم پر عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آئینی عدالت کا جو شوشہ انہوں نے چھوڑا ہے اس پر میں یہ واضح کر دوں کہ پاکستان تحریک انصاف ہر صورت ملک کی عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ ہم ملک بھر میں بھرپور احتجاج کی کال دیں گے۔ مجھ پر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کی ٹویٹ کی ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے تو ساتھ میں ان کو چاہیے کہ یہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ بھی قوم کو پڑھ کر سنا دیں۔اگر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پر عمل کر لیا جاتا تو پاکستان میں کبھی مارشل لا نہ لگتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی پارلیمانی سیاست نہیں بلکہ کٹھ پتلیوں کی طرح چند اشخاص کے اشاروں پر ناچ رہی ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بوٹ کو عزت دی جا رہی ہے۔ یہ مکمل طور پر قوم کو غلام بنانے جا رہے ہیں۔