شاہین شاہ آفریدی نے نائب کپتان بننے سے کیوں انکار کردیا؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نائب کپتان بننے کی پیشکش سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق، پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم کا نائب کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی، مگر انہوں نے اس پیشکش سے معذرت کرلی۔شاہین نے پی سی بی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹیم میں صرف بطور بولر ہی کھیلنا چاہتے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے اس فیصلے کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔ تاہم، پی سی بی نے ابھی تک کسی نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کے انکار کے بعد، یہ دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا کہ پی سی بی اس عہدے کے لیے کس کھلاڑی کا انتخاب کرے گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔
مزید پڑھیں:ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سےپہلے شاہد آفریدی بڑا اعزاز پاکستان لے آئے
پاکستان کی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا سے ہوگا۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گی۔ جبکہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں منعقد ہوگا۔ اس کے بعد پاکستان 11 جون کو کینیڈا کے خلاف مدمقابل ہوگا اور 16 جون کو آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ کی مہارت اور تجربہ پاکستانی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کی شاندار بولنگ کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتی ہے۔ شاہین کی موجودگی ٹیم کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہے اور ان کے انکار کے باوجود، ان کی بولنگ کی کارکردگی ٹیم کو جیت کے قریب لے جانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
تاہم،پاکستانی کرکٹ شائقین کی نظریں اس وقت پوری قومی ٹیم پر ہیں، اور یہ امید کی جارہی ہے کہ پاکستانی قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔