
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے، جاری عالمی بحران اور جنگی صورتحال کے پیشِ نظر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے ایک بڑے اور تاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ عام آدمی کا معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے ماہانہ ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نچلے طبقے کو ریلیف مل سکے۔
ٹرانسپورٹرز کے لیے مالی معاونت
ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو کنٹرول میں رکھنے اور عوام تک براہ راست ریلیف پہنچانے کے لیے حکومت نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے بھاری سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پیکیج کے تحت رجسٹرڈ گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے 70 ہزار روپے، بڑی گاڑیوں کے لیے 80 ہزار روپے اور پبلک سروس بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ مسافروں یا عام صارفین پر ہرگز منتقل نہ کریں۔
کسانوں کے لیے خصوصی سبسڈی پیکج
زراعت کو پنجاب کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے کسانوں کے لیے بھی خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب بھر میں گندم کاشت کرنے والے ایسے کسان جو 25 ایکڑ تک اراضی کے مالک ہیں، انہیں حکومت کی جانب سے ایک ایکڑ کے لیے 10 لیٹر ڈیزل پر 150 روپے فی لیٹر کی شاندار سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کسان بھائیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہیں اور ہر کسان تک اس کا حق شفاف طریقے سے پہنچانے کے لیے سبسڈی کے نظام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں۔
موٹر سائیکل مالکان کو رجسٹریشن فیس کی معافی اور پٹرول پر رعایت
درمیانے اور نچلے طبقے کے سفری اخراجات میں کمی کے لیے حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کے لیے بھی بے مثال ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس ایک ماہ کیلئے ختم کر دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت دی جائے گی جس سے انہیں ماہانہ 2 ہزار روپے کی سبسڈی حاصل ہوگی۔ اس فیول سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار نہایت آسان بنا دیا گیا ہے۔
شہری ہیلپ لائن 1000 پر کال کر کے، پلے سٹور سے ”Maryam ko Batayn” ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے یا ویب پورٹل (https://mkb.punjab.gov.pk) کے ذریعے باآسانی اپلائی کر سکتے ہیں۔
عوام کے لیے مفت پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت
مہنگے پٹرول کا سستا علاج فراہم کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے عوام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں مفت سفری سہولیات بھی متعارف کرائی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے میٹرو بس کے مختلف اسٹیشنز کا دورہ کر کے مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس وقت میٹرو بس، سپیڈو، اورنج لائن ٹرین اور الیکٹرک بسوں پر عوام کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں نے اس شاندار اقدام کو سراہتے ہوئے مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور انہیں ایک حقیقی عوامی لیڈر قرار دیا ہے۔
پنجاب میں گرین الیکٹرک بسوں کا منصوبہ لاکھوں شہریوں کو روزانہ آرام دہ اور مفت سفری سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔



