ہنسنا منع ہے 30

تابش ہاشمی کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کر دیا گیا

نجی نیوز چینل جیو نیوز پر تابش ہاشمی کا پروگرام "ہنسنا منع ہے” پاکستان کا مقبول ترین شو رہا ہے۔

تابش ہاشمی اکثر اپنے شو میں ایسی ایسی باتیں کر جاتے تھے جو بہت سے لوگ اکثر ایسے پلیٹ فارمز پر کرتے ڈرتے ہیں۔

تاہم تابش بغیر کسی لگی لپٹی کے اپنی رائے مزاح کے انداز میں دیتے رہتے ہیں اور اسے پسند بھی کیا جاتا ہے۔  اب تابش ہاشمی کا بھی سافٹ ویئر اپڈیٹ کر دیا گیا ہے اور جیو نیوز پر ان کا پروگرام اب بند کر دیا گیا ہے۔

 

تابش ہاشمی کا شو بند

 

تابش نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک پوسٹ کے ذریعے پروگرام کے بند ہونے کی خبر سنائی۔

انہوں نے لکھا کہ "تقریباً 5 سال تک نیشنل ٹی وی پر ہونا ایک خوشی کی بات تھی۔ میں نے سب کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کیا جو تعاون کرتے رہے۔ ‘ہنسنا منع ہے’ کے ناظرین، میں کبھی بھی وہ محبت نہیں بھولوں گا جو آپ نے دکھائی۔ شکریہ۔”

 

وہ ویڈیو جو تابش کا شو بند ہونے کی وجہ بنی؟

 

شائقین نے تابش کا شو بند ہونے کی  بڑی وجہ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر ویڈٰیو بیان تھا جس میں انہوں نے مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی گزارش کی اور جاری بے چینی اور بد امنی کی فضاء کو ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

ایک صارف نے لکھا کہ "یہ کشمیر پر آپکی پچھلی ویڈیو کا نتیجہ ہے”۔ جبکہ کئی شائقین کی جانب سے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

ایک اور شہری نے اپنے آپ کو کشمیری بتاتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ” ایک کشمیری کے طور پر، میں تابش احمد ہاشمی کی تعریف کرتا ہوں کہ وہ کشمیر کے لوگوں کی تکلیف کے بارے میں بولتے ہیں۔ مشکل حالات میں جینے والوں کے لئے آواز اٹھانا واقعی ہمت کی بات ہے۔ کسی کو صرف انسانی تکلیف کے بارے میں فکر ظاہر کرنے یا انصاف اور امن کے لیے آواز بلند کرنے پر سزا نہیں دی جانی چاہیے۔ میری امید ہے کہ کشمیر کے بارے میں ہر بات چیت سچائی، انسانیت، اور تمام لوگوں کی عزت و حقوق کے احترام کی بنیاد پر ہو۔”

سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ مشہور شخصیات نے بھی تابش ہاشمی سے اظہارِ یکجتی کیا۔

اداکارہ حرا سومرو نے لکھا کہ تابش بہت ٹیلنٹڈ ہیں اور ان کیلئے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

 

بولنا منع ہے کہ ساتھ ہنسنا منع ہے

 

گزشتہ دو تین سالوں سے پاکستان میں احتجاج اور رائے کے اظہار کو جرم بنا دیا گیا ہے۔ ایسی صورت میں اب بولنا منع ہے کہ ساتھ ، ہنسنا بھی منع ہے۔

تابش ہاشمی کے شو کا اختتام جیو نیوز کیلئے ایک بڑا سیٹ بیک ہوسکتا ہے۔

حالیہ دنوں میں جیو نیوز کی ویور شپ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ایسے میں تابش ایک ایسا نام تھا جو ان کا کھویا ہوا وقار بحال کرسکتا تھا۔ تاہم جیو نیوز نے یہ موقع گنوا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں