
پاکستان کے اکثر نوجوانوں سے اگر ان کے بچپن کے پسندیدہ ٹی وی سرگرمی کے بارے پوچھا جائے تو وہ پی ٹی وی پر نشر ہونے والے قرآن پروگرام کا ذکر ضرور کریں گے جس میں قاری صداقت علی صاحب بڑے خوبصورت انداز میں بچوں کو قرآن کی تعلیم دیتے تھے۔
قاری صداقت علی پاکستان کے ان قراء میں شمار ہوتے ہیں جنہیں اللہ نے خوبصورت ترین لہجے میں قرآن سنانے کا شرف بخشا ہے۔
قاری صداقت سے ہر پاکستانی جذباتی طور پر جڑا ہے۔ جب رشتہ ایسا گہرا ہو تو اکثر ایسے شخص کے بارے افواہ بھی انسان کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔
قاری صداقت علی کی زخمی چہرے کے ساتھ تصاویر وائرل
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک بہت افسوسناک قسم کی تصویر گردش کر رہی تھی جس میں قاری صداقت علی کے چہرے پر زخم دکھائی دے رہے تھے اور اس سے تصویر کے ساتھ طرح طرح کے تبصرے لکھے جارہے تھے۔
چند افراد نے سوشل میڈیا پر اس حد تک لکھا کہ فاشسٹ حکومت نے قاری صداقت صاحب اپر تشدد کیا ہے اور ان کی ہڈی پسلی ٹوٹ چکی ہیں۔ اس جیسے کئی دل کو دہلا دینے والے تجزیے فیس بک پر تیزی سے پھیل رہے تھے۔
مشہور معروف قاری صداقت علی جو ٹی وی پر تلاوت قرآن کرتے ہیں انہوں نے حکومت اور فوج کی درندگی اور کرپشن کے خلاف تھوڑا سا بول دیا تھا تو فوج نے انکو فورن اٹھوا کر تشدد کروایا انکی دو پسلیاں توڑ دیں انکو ننگا کر کے مارا آنکھیں سجا دیں@OfficialDGISPR @MarryamNSharif1 @betterpakistan pic.twitter.com/0CudiRAPmJ
— Kashmire (@kashmiresadozai) April 18, 2026
یوں اس تمام تر معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اچانک قاری صاحب کو خود منظر عام پر آنا پڑا اور صفائی پیش کرنا پڑی۔
قاری صداقت علی کے فیس بک پیج سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ وہ الحمد اللہ سے بالکل ٹھیک ٹھاک ہیں۔ ویڈیو میں وہ بالکل ہشاش بشاش معلوم ہورہے تھے۔
قاری صداقت کا ویڈیو بیان جاری
اپنے بیان میں قاری صداقت کا کہنا تھا کہ "جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ میرے متعلق مختلف قسم کی غلط خبریں گردش کر رہی ہیں، جن کا میری ذات سے بالکل کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ یا تو اے آئی سے بنائی گئی ہیں، یا کچھ تخریب کار لوگ ہیں، یا وہ لوگ جنہیں ہمارا کام پسند نہیں ہے۔”
قاری سید صداقت علی نے وڈیو بیان جاری کیا ہے کہ ان سے متعلق تشدد کی افواہیں جھوٹی ہیں👍
حیرت ہے کہ جس نے یہ افواہ اڑائی اس نے حاصل کیا کیا ؟؟ 🤔🤦♂️ pic.twitter.com/0a8pqOu8id
— بانکے میاں (@bankay_mian62) April 18, 2026
ان کا مزید کہنا تھا کہ "جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہم نے ورلڈ کمپٹیشن میں حصہ لیا ہے، تو اس کی وجہ سے بھی کچھ لوگوں کو تکلیف ہو سکتی ہے۔ تو یہ لوگ ہمارے بھی دشمن ہیں، ملک کے بھی دشمن ہیں، اداروں کے بھی دشمن ہیں، تو وہ اس قسم کی چیزیں بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
قاری صداقت نے اپنے چاہنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ "میں صرف آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، اور ابھی میں ٹور کر کے واپس آیا ہوں۔ چھ ہفتوں میں تمام ممالک گیا ہوں، اور سب کچھ ٹھیک ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ "یہ تخریب کار ہیں لہٰذا ان کی باتوں، ان کے کاموں اور ان کی پوسٹس پر بالکل بھی یقین نہ کریں۔ آپ میرے فیس بک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اور میری روزمرہ کی سرگرمیاں آپ تک پہنچ رہی ہیں۔”
ملک کیلئے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے قاری صداقت نے مزید کہا کہ "پاکستان کی بھی خیر ہو، ہماری اداروں کی بھی خیر ہو، اور اللہ کا بڑا کرم اور احسان ہے کہ ہمارے ادارے، خاص طور پر ہمارے فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر صاحب اور ہماری حکومت ان دنوں جو کام کر رہی ہے۔ اللہ نے ان کی ان کوششوں کی وجہ سے ملک کو بڑی عزت عطا فرمائی ہے۔ اللہ ہمارے ملک کو مزید عزت عطا فرمائے۔”



