
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے موبائل آپریٹرز کو ملک بھر 5 جی سروسز کے آغاز کی اجازت ملنے کے بعد یہ عمل مرحلہ وار مکمل کئے جانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔
صارفین کی آگاہی اور معلومات کیلئے نجی فون آپریٹرز جلد ہی مہم کا آغاز کریں گے۔
5 جی سروس کے آغاز کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتار سے تنگ پاکستانی شہریوں کے تجسس میں اضافہ ہوا ہے اور وہ جلد از جلد اس سروس کے حصول کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں۔
تاہم یہ سہولت کیسے استعمال کی جائے ؟ اور یہ سہولت کس کس ڈیوائس سے مطابقت رکھے گی یہ ابھی قابلِ بحث باتیں ہیں۔
آئیں ہم مرحلہ وار یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ صارفین اپنی موبائل ڈیوائسز میں 5 جی سروسز کیسے بحال کر سکتے ہیں۔
5 جی سروس کا استعمال کیسے شروع کریں؟
اگر آپ اینڈرائیڈ یا آئی فون استعمال کر رہے ہیں تو اس امر کو یقینی بنائیں کہ کیا آپکی ڈیوائس 5 جی کو سپورٹ کرتی ہے یا نہیں۔
یہ چیک کرنے کیلئے اپنے موبائل فون کے سیٹنگز کے آپشن میں جا کر موبائل نیٹ ورک کو منتخب کریں۔
اگر آپ ایک سے زائد موبائل سمز کا استعمال کرتے ہیں تو جس سم پر 5 جی ایکٹو کرنا چاہتے ہیں اسےمنتخب کریں اور پریفرڈ نیٹ ورک ٹائپ (Preferred Network Type) کے آپشن پر جا کر 5 جی سروس کو کلک کریں اور 5 جی استعمال کرنا شروع کریں۔
اگر آپ کو پریفرڈ نیٹ ورک ٹائپ (Preferred Network Type) پر کلک کرنے کے بعد 5 جی کا آپشن موصول نہیں ہو رہا تو آپ کے موبائل فون میں 5 جی کی سہولت موجود نہیں ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آپکو فائیو جی استعمال کرنے کیلئے ایسے علاقے میں ہونا بھی لازمی ہے جہاں یہ سہولت میسر کر دی گئی ہے۔ وگرنہ 5 جی سہولت ایکٹو کرنے کے بعد بھی سپیڈ ویسی ہی رہے گی جبکہ تک کے مرحلہ وار سروس میں آپ کے علاقے تک یہ سہولت پہنچا نہیں دی جاتی۔
اگر تمام ہدایات پر عمل کے بعد فائیو جی ایکٹو نہ ہو تو کیا کریں؟
اگر ان تمام تر ہدایات پر عمل کے باوجود آپ 5 جی سروس استعمال نہیں کر پارہے تو مندرجہ ذیل طریقہ کار پر عمل کریں۔
اپنے موبائل فون کی سیٹنگز دوبارہ چیک کریں اور ساتھ ہی اپڈیٹس بھی چیک کریں۔ ممکنہ طور پر فون کو ری سٹارٹ کرنے اور اپڈیٹس کے آپشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بعد آپکی سروس ایکٹو ہو جائے گی۔
اگر اس کے بعد بھی مسئلہ جاری رہتا ہے تو موبائل نیٹ ورک فراہم کنندہ کمپنی کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں یا نزدیکی فرنچائز وزٹ کریں۔
پاکستان میں فائیو جی کا شروع ہونا ایک احسن عمل ہے لیکن اس میں کوالٹی اور سپیڈ کو برقرار رکھنے کیلئے پی ٹی اے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان میں ابھی بھی بہت سے مقامات پر 4 جی سروس کے استعمال میں بھی دقت پیش آتی ہے۔ وہاں 5 جی کے پہنچنا وقت طلب ہو سکتا ہے۔



