
پاکستان اور یورپ کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے، اٹلی کے وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ہنرمند افراد کو 10،500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔
پاکستانیوں کیلئے اٹلی ورک ویزےقانونی ہجرت کے فروغ کی ایک سنجیدہ کوشش قرار دیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی راستوں سے تارکین وطن کی آمد کو روکا جا سکے۔
یہ اعلان روم میں اٹلی کے وزیر داخلہ اور پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے درمیان ایک باضابطہ ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں سیکیورٹی تعاون، ہجرت کے انتظام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین ربط کے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں اطراف کے حکام نے ملاقات کو عمیری اور مثبت قرار دیا۔
پاکستانیوں کیلئے اٹلی ورک ویزے، کون کون مستفید ہو سکے گا
دسمبر 2025 میں طے پانے والے اس معاہدے جسے اب باضابطہ شکل دی گئی ہے، اٹلی نے خصوصی طور پر پاکستانی شہریوں کے لیے لیبر کوٹہ مختص کیا ہے۔ یہ 10،500ویزے سالانہ 3500 کی شرح سے موسمی اور غیر موسمی دونوں زمروں میں جاری کیے جائیں گے۔
ان شعبوں میں بحری جہاز کی مرمت و تقسیم، ہوٹل اور سیاحت، صحت اور سماجی خدمات، اور زراعت و خوراک کی صنعت شامل ہیں۔
اٹلی میں 47 سال سے زائد کی آبادی زیادہ ہونے سے لیبر کی کمی ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان میں نوجوان آبادی کی تعداد زیادہ اور تربیت یافتہ بھی ہے۔ یہ ایک فطری شراکت داری کی طرف بڑھنے کا معاملہ ہے۔
ماہرینِ معاشیات اس نوع کے معاہدوں کو باہمی طور پر فائدہ مند قرار دیتے ہیں — اٹلی کو سستی لیبر ملتی ہے اور پاکستانی خاندانوں کو یورپی آمدنی اور ترسیلاتِ زر۔
ورک ویزوں کے علاوہ ملاقات میں ایک اور اہم سفارتی قدم بھی اٹھایا گیا۔ اٹلی نے پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزہ فری داخلے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے تصدیق کی کہ محسن نقوی نقوی نے پہلے سے یہ معاملہ اٹھایا تھا اور اب اسے باضابطہ طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت اہم کیوں ہے؟
پاکستان نے 2023 میں بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے ، جس میں متعدد پاکستانی بھی جان کی بازی ہار گئے تھے، کے بعد انسانی سمگلنگ پر سخت ترین کریک ڈاؤن کیا اور سخت امیگریشن قوانین نافذ کئے ۔
پاکستان نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کی تھیں جب کے غیر قانونی طور پر بذریعہ ایئر پورٹ جانے والوں پر بھی سخت کریک ڈاؤں کیا گیا۔
پاکستان نے غیرقانونی انسانی سمگلنگ پر کریک ڈاؤن سے بھی آگاہ کیا جس پر اٹلی کی جانب سے تعریف کی گئی اور اسی کے ثمرات حاصل ہوئے۔
ورک ویزوں پر کام کب سے شروع ہو گا
منگل کے روز ہونے والی اس ملاقات میں اب تک کی دستیاب معلومات کے مطابق 10،500 ہنر مند پاکستانیوں کیلئے اٹلی ورک ویزے تین سال میں (3500 ویزے سالانہ ) کی شرح جاری کئے جائیں گے۔
یہ ویزے حری جہاز کی مرمت و تقسیم، ہوٹل اور سیاحت، صحت اور سماجی خدمات، اور زراعت و خوراک کی خدمات سے متعلق ہوں گے۔
پاکستان میں اس کا پروسیجر کب سے شروع ہو گا اس بارے حکومتی سطح پر اعلان کا انتظار ہے۔ تاہم وہ نوجوان جو ان شعبہ جات میں مہارت رکھتے ہیں وہ اپنی ڈاکیومنٹیشن مکمل کر کے رکھ سکتے ہیں تا کہ حکومتی سطح پر اعلان ہوتے ہی انہیں اولین ویزوں میں اٹلی بھیجا جا سکے۔



