بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد مداح ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں اداکار کی دبلی پتلی جسمانی ساخت، تھکے ہوئے چہرے اور نسبتاً کمزور انداز نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
سلمان خان کی وائرل ویڈیو جس نے مداحوں کو پریشان کر دیا
سلمان خان حال ہی میں ممبئی میں سلم ری ہیبیلیٹیشن اتھارٹی (SRA) کے ایک سرکاری پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے جدید ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفیکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے بحالی منصوبے سے مستفید ہونے والے متعدد خاندانوں میں نئے گھروں کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔ تاہم تقریب سے زیادہ توجہ ان کی جسمانی حالت نے حاصل کی۔
تقریب کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ بعض مداحوں نے سوال اٹھایا کہ آیا سلمان خان کسی بیماری کا شکار ہیں، جبکہ کئی افراد نے ان کی سابقہ طبی کیفیت ٹریجیمنل نیورالجیا (Trigeminal Neuralgia) کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی خیریت کے لیے دعائیں بھی کیں۔ یہ وہ اعصابی بیماری ہے جس کے بارے میں سلمان خان ماضی میں خود بھی بات کر چکے ہیں۔
تاہم اب تک سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے کسی نئی بیماری یا طبی مسئلے کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
مختلف بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بیشتر باتیں محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں اور ان کی صحت سے متعلق کوئی مستند طبی بیان سامنے نہیں آیا۔
صحت بارے تشویشناک خبروں کے بعد سلمان انسٹا گرام پر ایکٹو
دوسری جانب بڑھتی ہوئی افواہوں کے بعد سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مختصر مگر معنی خیز پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا، "آپ لوگوں کی طبیعت کیسی ہے؟”۔ مداحوں نے اس پوسٹ کو وائرل افواہوں پر ان کا بالواسطہ ردعمل قرار دیا، تاہم اداکار نے اپنی صحت کے بارے میں کوئی واضح وضاحت پیش نہیں کی۔
سوشل میڈیا پر جاری بحث کے باوجود فی الحال ایسی کوئی مصدقہ اطلاع موجود نہیں جس سے ثابت ہو کہ سلمان خان کسی نئی یا سنگین بیماری میں مبتلا ہیں۔ البتہ ان کی حالیہ عوامی پیشی نے مداحوں کی تشویش میں ضرور اضافہ کر دیا ہے اور وہ اداکار کی جانب سے کسی واضح بیان کے منتظر ہیں۔
