کراچی

کراچی کی عوام کیلیے بُری خبر

کراچی کی عوام کے لیے ایک اور نئی پریشانی نے سر اٹھا لیا ہے ۔آنے والے دنوں میں مرغی کے گوشت اور انڈے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق، مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 100 سے 150 روپے جبکہ انڈوں کی قیمت میں فی درجن 50 سے 70 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔
کراچی میں اس وقت مرغی کے گوشت کی قیمت 480 روپے فی کلو اور انڈے 240 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔ یہ قیمتیں پہلے ہی عوام کے لیے مشکلات کا سبب بن رہیں ہیں اور مزید اضافے سے یہ مشکلات اور بڑھ جائیں گی ۔
گزشتہ ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے مرغی کی فیڈ پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز کی منظوری دی تھی۔ کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر کے حکام نے اس بارے میں بتایا تھا کہ مرغی کی فیڈ پر 10 فیصد ٹیکس چھوٹ ختم کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے یہ ٹیکس چھوٹ مرغی کی قیمت کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:پاکستان نے آئی ایم ایف کے مطالبات تسلیم کر لیے

ایف بی آر کے حکام کا کہنا ہے کہ گائے، بھینس اور دیگر لائیو اسٹاک فیڈ پر بھی 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا، یہ اقدام حکومت کے لیے 47 ارب روپے کی اضافی آمدنی کا سبب بنے گا، لیکن اس کے ساتھ ساتھ مرغی اور انڈے کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔
کمیٹی کی رکن انوشے رحمان نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیڈ مہنگی ہونے سے مرغی کی قیمت میں اضافہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرغی 480 روپے فی کلو کے بجائے 580 روپے فی کلو ہو جائے گی۔ اس بات پر سینیٹر فاروق نائیک نے بھی حیرانی ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ شیر مال پر ٹیکس کس کی سوچ میں آیا؟ اس پر انوشے رحمان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں شیر مال نہاری کے ساتھ کھاتی ہوں۔
یہ اضافہ عوام کی مالی مشکلات کو مزید بڑھا دے گا۔ مرغی کی قیمتوں میں اضافے سے پولٹری انڈسٹری پر بھی بہت اثر پڑے گا اور انتظامیہ پولٹری والوں کو پریشان کرنے پہنچ جائے گی۔ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے حکومت کو چاہیئے کہ فوری طور پر کوئی نہ کوئی حل نکالیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں