کان ، ناک اور آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں؟
پرانے قدیم طبی نظریات کے مطابق یہ سمجھا جاتا تھا کہ کان کا براہِ راست تعلق دماغ کے ساتھ ہے، اسی بنیاد پر فقہاء نے اپنے زمانے میں یہ فتویٰ دیا کہ اگر کان میں دوا ڈالی جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔

رمضان میں اکثر پوچھے جانے والے سوالات میں سے ایک سوال یہ ہوتا ہے کہ کان ، ناک اور آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں؟
فقہاء نے حدیث کی روشنی میں روزہ ٹوٹنے کا جو معیار بیان کیا ہے وہ یہ ہے کہ کوئی بھی روزہ توڑنے والی چیز اگر منفذِ اصلی (یعنی وہ قدرتی راستہ جو اللہ تعالیٰ نے بنایا ہے) کے ذریعے جوفِ دماغ یا جوفِ بطن (پیٹ، معدہ، آنتیں، پھیپھڑے وغیرہ) تک پہنچ جائے تو اس صورت میں روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزے پر اثر:
بیان کردہ اصول کے مطابق دیکھا جائے تو آنکھ کا براہِ راست تعلق نہ دماغ کے ساتھ ہے اور نہ پیٹ کے ساتھ ۔ اس لیے آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
ناک میں کان ڈالنے سے روزہ ٹوٹے گا ؟
ناک کا تعلق منفذِ اصلی سے ہے، یعنی یہ ایک قدرتی راستہ ہے جس کا اندرونی حصوں سے تعلق ہے، اس لیے اگر ناک میں دوا ڈالی جائے تو اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔
کان میں دوا ڈالنے سے روزے پر اثر:
اسی طرح کان میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں؟ پرانے قدیم طبی نظریات کے مطابق یہ سمجھا جاتا تھا کہ کان کا براہِ راست تعلق دماغ کے ساتھ ہے، اسی بنیاد پر فقہاء نے اپنے زمانے میں یہ فتویٰ دیا کہ اگر کان میں دوا ڈالی جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
لیکن جدید میڈیکل سائنس نے یہ واضح کیا ہے کہ کان کا براہِ راست دماغ سے ایسا تعلق نہیں ہے۔ لہٰذا موجودہ طبی معلومات کی روشنی میں، اگر ہم اسی اصول کے مطابق فیصلہ کریں تو کان میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، کیونکہ کان کا براہِ راست تعلق نہ دماغ سے ہے اور نہ پیٹ سے۔
البتہ اگر کسی شخص کے کان کا پردہ پھٹا ہوا ہو تو ایسی صورت میں روزہ ٹوٹ جائے گا، کیونکہ پھر دوا کے اندرونی حصوں تک پہنچنے کا قوی امکان بلکہ یقین ہوتا ہے۔ اس وجہ سے اس صورت میں روزہ ٹوٹ جائے گا۔
انہیلر سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں؟
اسی طرح ایک اور مسئلہ عام طور پر پوچھا جاتا ہے کہ دمہ (Asthma) کے مریض جو دوا استعمال کرتے ہیں اور انہیلر استعمال کرتے ہیں، تو کیا اس سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ صرف آکسیجن ہے، حالانکہ یہ صرف آکسیجن نہیں بلکہ دوا ہوتی ہے۔
چونکہ یہ دوا منہ کے راستے پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے، یعنی منفذِ اصلی کے ذریعے دوا پھیپھڑوں تک جاتی ہے، اس لیے انہیلر استعمال کرنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔



