حیرت انگیز ایجاد

جاپانی کمپنی کی کھانے میں نمک کی کمی کے لیے حیرت انگیز ایجاد

جاپان کی ایک معروف کمپنی نے ایک ایسی حیرت انگیز ایجاد متعارف کروائی ہے جس کو دیکھ کر آپ سب حیران رہ جائیں گے ،یہ ایجاد ‘الیکٹرک اسپون’ کی ہے جو کھانے میں نمک کی مقدار کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یہ الیکٹرک چمچ جاپانی کمپنی ‘کیرن ہولڈنگز’ نے بنایا ہے، ان کی کمپنی مشروبات بنانے کے لیے مشہور ہے۔
اگر اس چمچ کی خاصیت کی بات کی جائے تو یہ کھانے میں موجود سوڈیم (نمک) کے ذائقے کو بڑھاتا ہے، جس کی وجہ سے کم نمک کے باوجود کھانے کا ذائقہ نمکین محسوس ہوتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس چمچ کے استعمال سے زیادہ نمک کی مقدار میں ایک تہائی تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ الیکٹرک چمچ پلاسٹک اور میٹل سے مل کر تیار کیا گیا ہے اور اس کا وزن تقریباً 60 گرام ہے۔ یہ ریچارج ایبل لیتھیم بیٹری کی مدد سے چلتا ہے۔ جب کوئی شخص اس چمچ کا استعمال کرتے ہوئے کھانا کھاتا ہے تو یہ کمزور الیکٹرک سگنلز ریلیز کرتا ہے جو کھانے میں موجود سوڈیم (نمک) کے مالیکیولز کی تاثیر کو بڑھا دیتے ہیں، جس کی وجہ سے کھانے کا ذائقہ مزید نمکین محسوس ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:کیا تربوز کو انجکشن لگایا جاتا ہے اور اسکی پہچان کیا ہے؟

بیشتر لوگوں کے لیے زیادہ نمکین خوراکیں مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں ، جیسے کہ ہائی بلڈ پریشر، دل کی بیماریاں اور گردوں کی خرابی۔ اسی مسئلے کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے حل کے لیے ‘الیکٹرک اسپون’ کو تیار کیا گیا ہے۔ اس چمچ کی مدد سے لوگ کم نمک والی خوراک کھا کر بھی نمکین ذائقے کا بھر پور لطف اٹھا سکتے ہیں اور اس سے انکی صحت پر بھی کوئی برا اثر نہیں پڑے گا۔
سوشل میڈیا پر یہ چمچ کافی وائرل ہو رہا ہے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس کی قیمت 100 یورو ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 30 ہزار سے زائد بنتی ہے۔ کیرن ہولڈنگز کے مطابق، کمپنی نے رواں ماہ صرف 200 چمچے آن لائن فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جن کی قیمت 127 امریکی ڈالرز ہوگی۔
یہ چمچ نہ صرف ایک حیرت انگیز ایجاد ہے بلکہ صحت کے میدان میں بھی بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے،اور یہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے جو کم نمک والی خوراک کھانے پر مجبور ہیں مگر ذائقے کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں