جسٹس ڈوگر 11

عمران خان کی وکالت کون کرے گا؟ یہ فیصلہ بھی جسٹس ڈوگر کریں گے

190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں پر سماعت کے دوران وکلا کے دلائل کا معاملہ الجھ گیا، سلمان صفدر کی استدعا مسترد، لطیف کھوسہ کی ملاقات کرانے کا حکم

190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران وکلا کے دلائل کے معاملے پر اہم صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں جسٹس ڈوگر نے سلمان صفدر کے دلائل دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا.

سلمان صفدر کو دلائل دینے سے کیوں روکا گیا؟

 

صحافی وسیم ملک کے مطابق سماعت کے آغاز پر جب سلمان صفدر نے دلائل دینے کی کوشش کی تو جسٹس ڈوگر نے انہیں روک دیا اور کہا کہ اس اپیل میں لطیف کھوسہ دلائل دیں گے۔

اس پر لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں ہوئی، لہٰذا موکلین سے ملاقات اور ہدایات حاصل کیے بغیر وہ عدالت میں دلائل نہیں دے سکتے۔

اس دوران سلمان صفدر متعدد مرتبہ عدالت سے انہیں سننے کی استدعا کرتے رہے اور بتایا کہ ان کی عمران خان سے ملاقات ہو چکی ہے اور انہیں کیس سے متعلق ہدایات بھی حاصل ہیں۔

بشریٰ بی بی کو طبی بنیادوں پر ریلیف کی استدعا بھی مسترد

 

بعد ازاں سلمان صفدر کو بات کرنے کا موقع ملا تو انہوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبی صورتحال سے عدالت کو آگاہ کیا اور بشریٰ بی بی کو طبی بنیادوں پر ریلیف دینے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے یہ درخواست فوری طور پر مسترد کر دی۔

سلمان صفدر کے پاس عمران خان کی ہدایات، پھر بھی دلائل کی اجازت نہ ملی

 

سلمان صفدر نے مزید کہا کہ عمران خان نے انہیں اسی کیس میں دلائل دینے کی ہدایات دی ہیں۔ انہیں تیاری کے لیے وقت، پیپر بکس اور عمران خان سے ایک مزید ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ مرکزی اپیلوں پر دلائل دے سکیں۔

تاہم جسٹس ڈوگر نے یہ استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ لطیف کھوسہ کی اگلے دو دن کے دوران ایک گھنٹے کی ملاقات کرائی جائے تاکہ وہ عمران خان سے ہدایات حاصل کرکے عدالت میں دلائل دے سکیں۔

حکومت نے دونوں وکلا کی ملاقات کرانے پر آمادگی ظاہر کردی

 

سلمان صفدر نے دوبارہ مؤقف اختیار کیا کہ ان کے پاس عمران خان کی ہدایات موجود ہیں اور وہ خود ان اپیلوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ حکومت دونوں وکلا کی ملاقات کرانے کے لیے تیار ہے، تاہم ملاقات کے بعد دونوں وکلا کو ان اپیلوں پر دلائل کا آغاز کرنا ہوگا۔

سماعت ملتوی، آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا

 

عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ حکومت نے گریس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں وکلا کی ملاقات کرانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ دونوں وکلا ملاقات کرکے ہدایات حاصل کریں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی، جبکہ آئندہ سماعت کی تاریخ کا اعلان بعد میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اب اہم سوال یہ ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر حتمی دلائل کون دے گا اور آئندہ سماعت میں عدالت کا کیا فیصلہ سامنے آتا ہے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں