نگران دور کے آئی ٹی منسٹر اور پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہر عمر سیف بھی انٹرنیٹ کی بندش اور سلو سپیڈ سے تنگ آگئے۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ یار آپ بس انٹرنیٹ ٹھیک کر دیں باقی سب ہم خود ہی کر لیں گے۔
تاہم جب انہیں آئینہ دکھایا گیا تو وہ برا مان گئے۔ ان کے اس ٹویٹ پر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا لیڈ جبران الیاس نے کمنٹ کیا کہ یہ وہ بندہ کہہ رہا ہے جس نے اپنے دور میں پی ٹی آئی کی ویب سائٹ اور ٹویٹر بین کیا۔
جبران الیاس نے مزید لکھا کہ امید ہے کہ آپ کو یہ احساس ہوگا کہ آپ نے ایک فاشسٹ نظام کا حصہ بن کر غلطی کی۔کچھ ذاتی نہیں، عمر بھائی۔ صرف ایک دیانتدار خود احتسابی کی درخواست ہے۔
اس پر عمر سیف برا مان گئے اور لکھا کہ جبران، آپ ایک تعلیم یافتہ انسان لگتے ہیں اور گوگل کی انسڈینس ریسپانس ٹیم کے ساتھ کنٹریکٹر کے طور پر ایک اچھی نوکری کرتے ہیں۔
لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آپ گمراہ ہیں۔ ایک بدسلوکی پر مبنی ٹرول بریگیڈ چلانا، پاکستان کے بارے میں ہر مثبت چیز پر نفرت پھیلانا، تشدد کو ہوا دینا، جعلی خبروں کو وائرل کرنا، اور سوشل میڈیا پر ریاست مخالف عناصر کے بیانیے کو فروغ دینا… کیا یہ وہ طریقہ ہے جس سے آپ نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں؟
اگر آپ واقعی ملک کے مخلص ہیں، تو آپ کو پیچھے ہٹ کر اپنے راستے پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ اتنے سمجھدار ہیں کہ میرے ملک کے لیے کیے گئے اقدامات کو آسانی سے سمجھ سکیں۔ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ بزدار اور محمود خان جیسے افراد کبھی بھی ملک کو ٹھیک نہیں کر سکتے تھے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ پی ٹی آئی کی اندرونی سیاست اور اقتدار کی کشمکش سے بخوبی واقف ہیں۔ اس وقت، میں پی ٹی آئی میں کسی ایک شخص کی نشاندہی بھی نہیں کر سکتا جو “نیا پاکستان” کا انقلاب لا سکے: کرپشن سے پاک، میرٹ کو فروغ دینے والا، ریاست کو سیاست پر ترجیح دینے والا، قومی یکجہتی کو اقتدار پر مقدم رکھنے والا، آئین کو عارضی سیاسی فائدوں پر ترجیح دینے والا، قانون کی حکمرانی قائم کرنے والا، اور اشرافیہ کی گرفت کو چیلنج کرنے والا۔
مزید پڑھیں:پاکستان انٹرنیٹ لوڈ شیڈنگ متعارف کرانے والا پہلا ملک
جس پر جبران الیاس نے کمنٹ کیا کہ شکریہ آپ کے “ٹرم پیپر” کا، لیکن میں اب بھی یہ جواب نہیں پا سکا کہ آپ نے اپنی مدت کے دوران پی ٹی آئی کی ویب سائٹ اور ٹوئٹر (ایکس) پر پابندی کیوں لگائی؟ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ آپ کون سا وی پی این استعمال کر رہے ہیں؟
یاد رہےکہ نگران دور کے وزیر آئی ٹی عمر سیف کے دورمیں ہی ٹویٹر بین کیا گیا اور پی ٹی آئی کی ویب سائٹ سمیت دیگر ایسے کام کئے گئے جو عمرسیف جیسے قابل عزت انسان سے توقع نہیں کی جارہی تھی۔