حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بیٹی کا دشمن کو پیغام

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بیٹی خولہ نے اپنے والد کی شہادت کے بعد اسرائیلی حکومت اور دشمن کو ایک واضح پیغام جاری کیا جس میں خولہ نے کہا کہ اُن کے والد کو شہید کرنے والے قیامت تک پچھتائیں گے اور اُن کے والد کا خون حشر کے دن تک اُن کا پیچھا کرتا رہے گا۔
یہ پیغام انہوں نے اس وقت دیا جب شہید اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی تہران سے دوحہ پہنچا، جہاں ان کی بیٹی نے والد کا آخری دیدار کرتے ہوئے اس موقع پر انہوں نے جذباتی الفاظ میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کو یہ غلط فہمی ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے انہیں سکون ملے گا یا وہ اس پر خوشیاں منائیں گے۔ خولہ نے مزید کہا کہ ان کے والد کا خون حشر تک اُن کا پیچھا کرتا رہے گا۔
مزیدپڑھیں:اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پاکستان میں
حماس کے سربراہ کی تدفین آج دوحہ میں کردی گئی، ان کی نماز جنازہ امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں نمازِ جمعہ کے بعد ادا کی گئی تھی۔ اس موقع پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاسی و مذہبی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔
گزشتہ روز تہران میں بھی اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، جس کی قیادت ایران کے رہبر اعلیٰ نے کی۔ اس موقع پر ہزاروں افراد نے شرکت کی، جن میں ایرانی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات بھی شامل تھے۔
اسماعیل ہنیہ کو اکتیس جولائی کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر میزائل حملے میں شہید کیا گیا۔ وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔ اس دردناک واقعے کے بعد حماس اور فلسطینی عوام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خولہ کے اس پیغام نے تمام مسلمانوں کے دلوں میں گہری تاثیر پیدا کردی ہے، جو اپنے عظیم رہنما کی شہادت پر غمزدہ ہیں۔