پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز؛ شائقین اسٹیڈیم میچ دیکھنے کیوں نہیں جا پائیں گے

بنگلہ دیش اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جن میں پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست کے دوران راولپنڈی میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر کے دوران کراچی میں کھیلا جائے گا۔
جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کا پہلا ٹیسٹ میچ شائقین گراؤنڈ میں بیٹھ کر دیکھ سکیں گے، وہیں کراچی والوں کیلئے بری خبر ہے کیونکہ دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا اور اب پی سی بی نے اس کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے۔
پی سی بھی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کے پیش نظر کراچی کے نینشل بینک اسٹیڈیم میں ہونے والا ٹیسٹ میچ شائقین کے بغیر کھیلا جائےگا۔
کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق اسٹیڈیم میں تعیمراتی کام جاری ہے جس وجہ سے یہ مشکل فیصلہ لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: افتخار احمد کی عمران خان بارے پوسٹ ؛ کہیںخوشی کہیںغم
پی سی بی نے میچ کے دوران شائقین کے ہونے کی اہمیت کو بھی سراہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بھی کا کہنا تھا کہ شائقین کی داد کی وجہ سے ہمارے کھلاڑیوں میں تحریک اور ترغیب پیدا ہوتی ہے۔ لیکن تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تمام تر آپشن پر غور کے بعد اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ دوسرا ٹیسٹ شائقین کے بغیر ہوگا۔ جن شائقین نے ان میچز کیلئے ٹکٹس خرید رکھے ہیں ان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ شائقین کو خریداری کے وقت مہیا کیئے گئے اکاؤنٹس میں رقم خود بخود واپس کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کی اے ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی تھی اور سیریز جاری ہے۔ بنگلہ دیش میں نامناسب حالات کی وجہ سے خطرہ پیدا ہوا تھا کہ سیریز کھٹائی میں نہ پڑ جائے۔ تاہم اب سیریز پر چھائے بے یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔