
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ عوام کا ووٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ میں تمام زندگی ان کا پیچھا کروں گا جنہوں نے یہ زیادتی کی۔ وہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں مہر بانو قریشی، بیرسٹر تیمور ملک اور شوکت بسرا کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں میری بیگم آر او تھیں، اُن کے ساتھ بھی بد سلوکی کی گئی، ہمارا مقدمہ الیکشن کمیشن کے خلاف ہے، عوام حوصلہ رکھیں، اُن کے ووٹ کی جیت ہو گی۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کی رات مجھے اٹھا کر گریباں سے پکڑ کر آر او کے دفتر سے باہر پھینکا گیا ۔میری بیوی میری ایجنٹ تھی اس کے ساتھ بھی یہ ہی سلوک کیا گیا ۔ میرے ساتھ جو سلوک کیا گیا میں ساری زندگی اس پر انکا پیچھا کروں گا۔
ان کامزید کہنا تھا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ اس وقت ملک کس طرف جا رہا ہے،8 فروری کا الیکشن کبھی بھی بھولا نہیں جا سکتا،لوگ سمجھتے تھے کہ تحریک انصاف کو سیٹیں نہیں ملیں گی،فارم 45 کو بدلا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ابھی الیکشن ٹریبونل نے سماعت شروع ہی نہیں کی گئی ،اب کہا جا رہا ہے ریٹائرڈ جج الیکشن کمیشن لگائے گا۔اس وقت تہتر قومی اسمبلی کے حلقوں کی پٹیشن دائر کی گئی ہیں جس میں سے 40 پنجاب سے ہیں،پنجاب سے اگر انصاف ملتا ہے تو بڑے بڑے برج گریں گے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ڈیل بے نقاب
نواز شریف کے حلقے کا ذکر کرتے ہوئے سلمان راجہ کا کہنا تھا کہ اس حلقے میں ڈاکٹر یاسمین راشد بڑی لیڈ سے نواز شریف سے جیت چکیں تھی۔ ان کا مزید کہان تھا کہ عوام اور اداروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے ہمیں متحد ہونا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ 16 سیٹوں والی جماعت کو اقتدار نہیں دیں گے جب آپ 16 سیٹوں والی جماعت کو دو تہائی اکثریت دینے کی کوشش نہیں کریں گے جو انتہائی شرم ناک ہے-
اس موقع پر بیرسٹر تیمور ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ 8 اور 9 فروری کی رات جو ہوا وہ سلوک آج بھی جاری ہے ہم سے مخصوص نشستیں آج بھی نہیں دی جا رہیں حاجی امتیاز کو آج بھی اغوا رکھا ہوا ہے ہمارے ایم این ایز رانا بلال اعجاز اور رانا فراز نون کے ووٹ مسترد کر کے ہماری سیٹیں کم کی جا رہی ہیں ۔