
موجودہ پنجاب حکومت کے متحرک ترین وزراء میں سے ایک وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ہیں۔ وہ تعلیم کی بہتری کیلئے آئے روز اقدامات کرتے رہتے اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے عوام کو بھی معلومات مہیا کرتے رہتے۔
اکثر وہ سوشل میڈیا پر سٹوڈنٹس اور عام لوگوں کی جانب سے سامنے لائے گئے مسائل پر نوٹس لے کر ایکشن بھی کرتے ہیں۔
” سرکاری سکول ، معیاری سکول ” کے نعرے کے ساتھ وہ اکثر اپنی پروفائل سے سرکاری سکولوں میں ہونے والی مثبت سرگرمیوں کو بھی سامنے لاتے رہتے ہیں۔
یہی نہیں انہوں نے اپنے بیٹے کو بھی سرکاری سکول میں داخل کرایا ہے۔
ایسے میں سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ایک اور ایکشن لیتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے حاضری لگا کر غائب ہو جانے یا اپنی جگہ کسی اور سے ڈیوٹی کرانے والوں کے خلاف ایکشن شروع کر دیا۔
حاضری لگا کر غائب اساتذہ کے خلاف رانا سکندر حیات کا بڑا ایکشن:
وزیر تعلیم پنجاب نے گزشتہ روز ایک پوسٹ کے ذریعے طلباء و دیگر لوگوں سے گزارش کی کہ ایسے اساتذہ جو حاضری لگا کر غائب ہو جاتے ہیں ان کے بارے رپورٹ کریں۔
مزید پڑھیں: پرائیوٹ میڈیکل کالجز کی فیسوں میں کمی؛ کیا حکومت فیصلہ پر عمل کرا پائے گی؟
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ” اگر آپ کے سرکاری سکول میں استاد محترم نہیں آتے یا حاضری لگا کر چلے جاتے یا اپنی جگہ کسی اور سے ڈیوٹی کرواتے اس نمبر +92 316 0261408 پر شکایت درج کروائیں- ہم مل کے انشاءاللہ اس تعلیمی نظام کو مضبوط کریں گے- یاد رکھیں تعلیمی نظام کی مضبوطی اور شفافیت ہی ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر کر سکتی ہے-”
وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے مسائل اور اسکول کے غیر حاضر اساتذہ کے نام یا دیگر مسائل کی صحیح تفصیلات واٹس ایپ کریں۔
وزیر تعلیم کی درخواست پر لوگوں کا رسپانس :
وزیر تعلیم کو چند گھنٹوں میں سینکڑوں شکایات موصول ہوئیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ "الحمدللہ 1400 سے زیادہ مہربان لوگوں نے اپنے اسکول کے اساتذہ کے غیر حاضر ہونے یا متبادل اساتذہ دینے کی اطلاع دی ہے۔ ایکشن شروع ہو گیا ہے اور بھرپور ایکشن ہوگا۔”
انہوں نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مدد کام کر گئی ہے، سب کے دوڑ لگ چکی ہے۔