ماحول

محکمہ موسمیات کی سردی کا سو سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی خبروں‌پر رد عمل

محکمہ موسمیات نے ملک میں برفباری اورریکارڈ توڑ سردی کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی وضاحت اور تردید جاری کر دی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان محکمہ موسمیات عوام کو مطلع کرتا ہے کہ حالیہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ 12 جنوری سے 15 جنوری کے دوران پاکستان کی 100 سالہ تاریخ کی سرد ترین راتیں اور دن ہوں گے، اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں سعودی عرب کی طرح برفباری ہو سکتی ہے، بے بنیاد اور غیر تصدیق شدہ ہے۔

پاکستان میں برفباری کے امکانات

پنجاب کے وسطی اضلاع میں برفباری کا امکان نہیں ہے کیونکہ یہ علاقے جغرافیائی اور موسمیاتی طور پر ایسی صورتحال کے لیے موزوں نہیں ہیں۔

شدید سردی کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، لیکن ایسی غیر معمولی شدت یا تاریخی سردی کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تاہم 11 جنوری بروز ہفتہ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش/ بوندا باندی کا امکان۔

مزید پڑھیں:کسان نئی نسل کو کاشتکاری پر آمادہ کرنے میں‌ناکام کیوں؟

محکمہ موسمیات اور مصدقہ معلومات

محکمہ موسمیات کا پریس ریلیز میں‌مزید کہنا تھا کہ محکمہ اپنی پیش گوئی اور رپورٹس عوام کو صرف مصدقہ اور مستند ڈیٹا کی بنیاد پر فراہم کرتا ہے۔ اس قسم کی افواہیں عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنتی ہیں اور ان سے گریز کیا جانا چاہیے۔
عوام سے گزارش ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے بارے میں معلومات کے لیے صرف پاکستان محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ یا سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔ غیر مصدقہ اور غیر سرکاری ذرائع سے پھیلائی گئی خبروں پر یقین نہ کریں۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے وسائل اور رہنمائی سے عوام کی حفاظت یقینی بنائیں۔ اس دوران افواہوں کو نظر انداز کریں اور صرف مستند ذرائع سے رجوع کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button