
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہاؤس اریسٹ ، سیاسی سپیس دینے کی آفر کی تصدیق۔ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں اور وکلاء سے گفتگو میں تصدیق کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پیغام ملا ہے کہ ہم سے ڈیل کریں ہم آپ کی پارٹی کو سیاسی سپیس دیں گے لیکن آپ کو ہاؤس اریسٹ کر کے بنی گالہ میں منتقل کر دیں گے۔ میں نے جواب دیا ہے کہ پہلے باقی تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرو۔ میں جیل میں رہ لوں گا لیکن کوئی ڈیل قبول نہیں کروں گا۔ ہاؤس اریسٹ یا خیبرپختونخوا کی کسی جیل میں نہیں جاؤں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 2025 حقیقی آزادی کا سال ہے- 2024 پاکستان کے لیے ایک مشکل سال تھا، ظاہر ہے آزادی مشکل سے ہی ملتی ہے۔
عمران خان مزید کہا کہ میں اپنے سمندر پار پاکستانیوں سے کہوں گا کہ ترسیلاتِ زر کے بائیکاٹ کی مہم میں شامل ہوں۔ ابھی ہمارے مطالبات کے حوالے سے کمیٹی کمیٹی ہی کھیلا جا رہا ہے۔ تاہم اگر مذاکرات سے مثبت نتائج آئے تو ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی مہم روک دی جائے گی- یہ حقیقی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کے لئے ایک احتجاج ہے۔
مزید پڑھیں:عافیہ صدیقی کو رہا کردیں پھر عمران خان کے بارے بات ہوسکتی ، رانا ثناء اللہ
بانی پی ٹی آئی ایک بار پھر فوجی عدالتوں کی سزاؤں پر بول بڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹ میں نو مئی سے متعلق اپنی مرضی کے ٹرائل کئے گئے ۔ اوپن کورٹ میں ٹرائل چلائے جاتے تو نو مئی کی ویڈیو فوٹیج دینی پڑتی۔ اٹھارہ مارچ 2023 کو میرے اوپر جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں حملے کی ویڈیو کا ریکارڈ دانستہ طور پہ غائب کیا گیا۔ شفاف ٹرائل شہریوں کا بنیادی آئینی حق ہے۔ فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے سے شہریوں کے بنیادی حقوق صلب ہوئے اور بین الاقوامی سطح پہ پاکستان کی شدید سُبکی ہوئی ہے۔