حیرت انگیز سزا

والد نے 3 سالہ بیٹی کو حیرت انگیز سزا سنادی

چین میں بچوں کو سزائیں دینے کے انوکھے طریقے کبھی کبھی حیرت کا باعث بنتے ہیں۔ ایسا ہی ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک باپ نے اپنی تین سالہ بیٹی کو آنسوؤں سے پیالہ بھرنے کی عجیب و غریب سزا دی جس نے نہ صرف بیٹی کو حیران کر دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کر لی۔
مقامی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ چین کے گوانگشی ژوانگ نامی علاقے میں پیش آیا۔ جب رات کے کھانے کے وقت، باپ نے بیٹی کو کھانے کے لیے بلایا لیکن بچی نے بات نہ سنی اور وہ ٹی وی دیکھنے میں مگن رہی اور باپ کی بات نظر انداز کر دی۔ والد کے غصے کا پارہ چڑھ گیا اور اس نے غصے میں آکر ٹی وی بند کر دیا۔نتیجتاً، بچی رونے لگی۔لیکن والد نے بچی کو چپ کرانے کے بجائے اس کے ہاتھ میں ایک خالی پیالہ لا کر دے دیا اور کہا کہ جب وہ اپنے آنسوؤں سے پیالہ بھر لے گی تو دوبارہ ٹی وی دیکھ سکے گی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بچی نے پیالا اپنے چہرے کے قریب تھاما اور آنسو جمع کرنے کی کوشش کی۔مگر دس سیکنڈ کے بعد، اس نے اپنے والد کو بتایا کہ اس کے ہاتھ تھک گئے ہیں اور وہ مزید پیالا نہیں پکڑ سکتی۔
بیٹی کی اس تکلیف دہ حالت پر والد کا دل پگھل گیا اور مسکراتے ہوئے اس نے پیالا اپنی بیٹی سے واپس لے لیا۔ والدہ کا کہنا ہے کہ اس لمحے ان کی بیٹی کے چہرے پر جو مسکراہٹ تھی، وہ ان کے لیے خوشی کا باعث بنی۔

مزید پڑھیں:سال 2023 بچوں کیلئے خوفناک کیوں تھا؟

یہ واقعہ پورے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور لوگوں نے اس پر مختلف تبصرے بھی کیے۔ کچھ لوگوں کے مطابق والد کے اس اقدام کو سخت قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے ایک انوکھا طریقہ سمجھا۔
واضح رہے کہ چین میں یہ پہلا واقع نہیں ہے جب والدین نے اپنے بچوں کو عجیب و غریب سزائیں دی ہوں۔ اس سے قبل ایک والد نے اپنے بچوں کو ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر پوری رات ٹی وی دیکھنے کی سزا دی تھی۔
یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کی تربیت کے لیے مختلف انوکھے طریقے اپناتے ہیں، لیکن انہیں سوچنا چاہیے کہ ان کے اقدامات سے بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر نہ ہو۔ ہر بچے کی تربیت میں محبت اور شفقت کا عنصر ہونا بہت ضروری ہے تاکہ وہ بہتر انسان بن سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں