کھیل

پی ایس ایل 10 میں ڈیوڈ وارنر کراچی کنگز کے نئے کپتان مقرر

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے یہ جارحانہ بلے باز اپنی شاندار کارکردگی اور قیادت کی مہارت کے باعث دنیا بھر میں بہت مشہور ہیں ۔

کراچی کنگز نے آسٹریلیا کے مشہور بے باز ڈیوڈ وارنر کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لیے نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے یہ جارحانہ بلے باز اپنی شاندار کارکردگی اور قیادت کی مہارت کے باعث دنیا بھر میں بہت مشہور ہیں ۔

وہ اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے کراچی کنگز کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہت پرعزم نظر آرہے ہیں۔ان کے ٹیم میں شامل ہونے سے کراچی کنگز کے فینز کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

یہ بات واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر کا شمار دنیا کے خطرناک ترین اوپنرز میں کیا جاتا ہے۔ وہ ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے علاوہ بگ بیش لیگ سمیت مختلف کرکٹ لیگز میں اپنی قیادت پیش کر چکے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں بگ بیش کے فائنل میں سڈنی تھنڈرز کی کپتانی کی تھی۔ تاہم ٹیم ایونٹ اپنے نام نہ کر سکی۔

کراچی کنگز نے انہیں 2025 کے ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ میں پلاٹنم کیٹیگری کے طور پر اپنی پہلی باری میں منتخب کیا تھا، جو 13 جنوری کو لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں منعقد کیا گیا تھا۔

 

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 10؛ کونسا کھلاڑی کس ٹیم سے کھیلے گا؟

 ڈیوڈ وانر کراچی کنگز کی کمان سنبھالنےکو تیار:

 

رپورٹ کے مطابق ، کراچی کنگز کی انتظامیہ نے گزشتہ سیزن کے کپتان شان مسعود کی بہترین خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پچھلے سیزن میں ٹیم کو ایک نئی سمت دی تھی۔

ان کی قیادت میں نئے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج دیکھنے کو ملا، جس نے ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔

فرنچائز نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیم کے اندر ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں کو خوب سراہا۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے اس حوالے سے ڈیوڈ وارنر کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت ٹیم کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔ وہ ایک بہترین لیڈر ہی نہیں بلکہ میچ ونر بھی ہیں، ان کی قیادت میں کراچی کنگز پی ایس ایل ٹرافی جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے شان مسعود کی خدمات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور وہ مستقبل میں بھی کراچی کنگز ٹیم کا اہم حصہ ہی رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہوگا۔

کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

شائقین کرکٹ اس سیزن میں ایک شاندار مقابلہ دیکھنے کے لیے منتظر ہیں، جہاں وارنر کی بہترین قیادت میں کراچی کنگز ٹرافی جیتنے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔

کراچی کنگز جیت کی تلاش میں:

 

2020 میں واحد ایونٹ جیتنے کے بعد سے کراچی کنگز مسلسل جیت کی تلاش میں ہے۔ لیکن یہ پچھلے تین ایونٹس میں پلے آف مرحلے سے آؤٹ ہوتی آئی ہے جو کہ ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

کیا وارنر کراچی کنگز کیلئے کوئی نیا سرپرائز لا پائیں گے یا نہیں اس کا جواب تو ایونٹ میں ہے ملے گا جو کہ جلد ہی شروع ہونے کو ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button