ڈاکٹر عفان قیصر

تربوز کو انجکشن کی سائنس:‌ڈاکٹر عفان قیصر کو10 کروڑ کا جرمانہ؟

تربوز کو انجکشن لگانے کی سائنس ڈاکٹر عفان قیصر کو دس کروڑ روپے ہرجانے کے نوٹس تک لے گئی۔ تاجر برادری نے انہیں قانونی نوٹس کے ذریعے اپنی ویڈیو پر معافی مانگنے کا کہا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں 10 کروڑ کا نوٹس بھیجنے بارے خبردار کیا ہے۔
ڈاکٹر عفان قیصر اپنی یوٹیوب ویڈیوز میں اکثر کھانے پینے کی چیزوں سے چھیڑ خانی کرتے ہیں۔ وہ کبھی سموسے کو کیلوریز کے بم سے تشبیہ دیتےہیں اور کبھی پہلوان ریوڑی ان کی ویڈیو کا نشانہ بن جاتی۔
تاہم اب کی بارتربوز کو چھیڑنا مہنگا پڑگیا۔ چند روز قبل بظاہر ایک معلوماتی ویڈیو میں ڈاکٹر عفان نے بتایا کہ پاکستان میں تربوز کو انجکشن لگائے جاتے ہیں جس سے کینسر جیسی خطرناک بیماریاں جنم لیتی ہیں۔
ان کی اس ویڈیو پر ابتداء میں ایک کسان یوٹیوبر کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس نے ڈاکٹر صاحب کو اپنی ڈاکٹری تک محدود رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ تربوز کو کوئی انجکشن نہیں لگایا جاتا۔
تاہم اب فیصل آباد کی تاجر ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر عفان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈاکٹر عفان کو ابتدائی نوٹس میں 10 روز کے اندر اپنے چینل پر معافی مانگنے کا کہاگیا ہے اور ایسا نہ کرنے پر 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائرکرنے کا بتایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:‌ کیا تربوز کو انجکشن لگایا جاتا ہے اور اسکی پہچان کیا ہے؟
تاجروں کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ انکی ویڈیو سے منڈیوں میں کام کرنے والوں کا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے ۔ لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہے اور پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔
تاجروں نے مؤقف اپنایا کہ آج تک کوئی بھی تربوز کھانے سے کینسر کا شکار نہیں ہوا اور ان کے اس دعویٰ کو فوڈ ڈیپارٹمنٹ بھی رد کر چکا ہے۔
اس سے قبل سموسوں ، جلیبی وغیرہ سے پنگا لینے پر بھی ڈاکٹر عفان قیصر پاکستانیوں کے ہتھے چڑھ گئے تھے اور انہیں میمز کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اب انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے ابھی تک ڈاکٹر عفان نے کوئی مؤقف جاری نہیں کیا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ کیا وہ قانونی جنگ لڑتے ہیں یا معافی مانگ کر معاملہ یہیں ختم کر دیتے ہیں۔

4 تبصرے “تربوز کو انجکشن کی سائنس:‌ڈاکٹر عفان قیصر کو10 کروڑ کا جرمانہ؟

اپنا تبصرہ بھیجیں