سیمی فائنل میں بری شکست، افغانستان ورلڈکپ سے باہر

بڑی بڑی ٹیموں کو شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچنے والی افغانستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں بری طرح ہار کر جنوبی افریقہ کیلئے پہلی بار فائنل تک رسائی کا ذریعہ بن گئی۔
پہلے سیمی فائنل میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے افغانستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی افغانستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہو گئی اور یوں پوری ٹیم 56 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
فلاپ بیٹنگ لائن کا اندازہ اس امر سے لگایا جائے کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے صرف عظمت اللہ عمر زئی ہی دس رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ گلبدین نائب نے 9 جبکہ کریم جنت اور راشد خان نے 8،8 رنز بنائے۔
جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ کے ڈی کوک صرف 5 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔ بعدازاں ریزا ہینڈرکس اور ایڈرن مارکرم نے افغان بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور آٹھویں اوور میں ہدف عبور کرلیا۔
مزید پڑھیں: افغانستان کرکٹ ٹیم نے ایک ہی میچ میں دو ٹیموں کو کیسے ہرایا
یاد رہے کہ اس سے قبل سپر ایٹ مرحلے میں شاندار کارکردگی کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی اور اس شکست سے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا بھی ورلڈکپ سفر اختتام کو پہنچ گیا تھا۔
توقع کی جارہی تھی کہ افغان کرکٹ ٹیم فائنل تک رسائی ممکن بنائے گی تاہم یہ خواب چکنا چور ہوگیا۔
یاد رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی آج شام ہی کھیلا جائے گا جس میں انڈیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس کیلئے کوئی ریزرو دن نہیں رکھا گیا۔
جیتنے والی ٹیم ہفتہ 29 جون کو جنوبی افریقہ سے فائنل کھیلے گی۔ فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا
One Comment