
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں فیصل واڈا کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر شستہ اردو میں جواب دیا گیا۔
اس پریس ریلیز کو ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے نام سے شائع کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی نے پریس ریلیز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اردوئے معلّٰی کے اساتذہ بھی اتنی شستہ اردو میں چھترول نہیں کرتے ہوں گے جو واڈا کی اس پریس ریلیز میں کی گئی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ
24 نومبر سے پہلے ہی ملک گیر احتجاج کی کال کی کامیابی کے اثرات نمایاں ہو نا شروع ہو گئے ہیں.ابھی عوام کا نکلنا باقی ہے مگر چڑیا گھر میں رکھے گئے بندروں، بن مانسوں، لومڑیوں، گیدڑوں، گدھوں، خچروں اور انسان نماٹاؤٹوں نے اچھل کود شروع کر دی ہے.
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ عمومی کہاوت ہے کہ زمین پر کوئی بڑی تبدیلی رونما ہونے کو ہو تو سب سے پہلے پالتو جانوروں کو علم ہوتا ہے اور وہ اپنے اپنے انداز میں اس پر رد عمل دیتے ہیں، اہل عالم ہمارے یہاں ٹاؤٹوں کی اچھل کود سے سیاسی حرکیات کا جائزہ لیتے اور اندازے لگاتے ہیں۔
پریس ریلیز میں مزید لکھا گیا کہ پاکستان میں پچھلے اڑھائی برس سے جب بھی عوام کے پر امن احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے کا مرحلہ آتا ہے چڑیا گھر والے ایک بجو “ کو پنجرے سے نکال کر سکرینوں پر بٹھا دیتے ہیں۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی پریس ریلیز میں شستہ اردو میں مزید لکھا گیا کہ جمہوریت ، دستور ، قانون اور ، کذب انسانی معاشرت کی ابجد تک سے ناواقف یہ ”گور کشا، مخلوق ہزیان اور خرافات بکنے اور اہلیان چڑیا گھر کے بھونڈے کتھارسس کے علاوہ کسی کام نہیں آتی۔
مزید پڑھیں:24 نومبر کا احتجاج نہ مؤخر ہو گا نہ معطل
مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی نے مزید لکھا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں عوام نکلے تو اس بجو “ کو ہفتہ بھر دست “ کی شدید شکایت رہی اور چڑیا گھر کے منتظمین شفایابی کیلئے کسی ماہر حکیم کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔
قانون کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی اور قوم کی حقیقی آزادی انسانوں کے مسائل ہیں ، چڑیا گھر کے باسیوں کو ان سب کی سمجھ ہے نہ ہی وہ اپنی خوراک کے بر تن سے آگے کچھ دیکھ پاتے ہیں، ترجمان پاکستان تحریک انصاف عوام اپنے نڈر ، بہادر اور بیباک کپتان کے ساتھ اپنی حقیقی آزادی کیلئے یکسو اور متحرک ہیں، سرکاری بندروں، بجوؤں اور لومڑیوں کی اچھل کود سے کنفیوز نہیں ہوں گے ، 24 نومبر کو ہر پاکستانی پاکستان میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی، بے گناہ سیاسی کارکنوں کی رہائی اور اپنی حقیقی آزادی کیلئے نکلے گا اور اڈیالہ میں ناحق قید اپنے کپتان کی آواز بنے گا، ان شاء اللہ ۔
صحافی شاہد اسلم نے اظہر مشوانی سے سوال کیا کہ یہ پریس ریلیز کون لکھ رہا ہے آجکل؟ جس پر اظہر مشوانی نے جواب میں میم شیئر کیا جس پر لکھا تھا کہ ایسی باتیں بتائی نہیں جاتی نظر لگ جاتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی فیصل واڈا نے پی ٹی آئی کے احتجاج پر پریس کانفرنس کی تھی جس میں ان کا لہجہ دھمکی آمیز تھا ۔