
عمران خان کو جیل میں دی گئی سہولیات کی تفصیلات منظر عام پر لانے کے بعد اب حکومت صفائیاں دیتی نظر آرہی ہے۔ لیکن حقیقت وہ ہے جو خود حکومت نے دکھا دی ہے۔ سینئر صحافی عیسیٰ نقوی نے اپنے وی لاگ میں کہا کہ جیل میں سہولت دینے کی غرض سے شیئر کی جانے والی یہ تصویروں کی تدبیر بھی الٹی پڑ گئی ہے۔
تاہم عیسیٰ نقوی کا کہنا ہے کہ اس سارے سیاسی منظر نامے میں اگر کوئی شخص اہم ہے تو وہ عمران خان ہے اور اگر کوئی اہمیت کھو چکا ہے تو وہ نواز شریف ہے۔
لندن سے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی غرض سے آنے والے میاں محمد نواز شریف اب صرف اپنی پارٹی کے صدر بننے پر اکتفا کیئے بیٹھے ہیں۔ تاہم سیاسی منظر نامے پر متعلقہ دکھائی دینے کیلئے نواز شریف نے بیان دیا ہے کہ عمران خان جیل میں اے سی ایک کی بجائے دو لگوا لیں انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
قائد ن لیگ مری میں سینیٹ کے پارلیمانی اراکین سے گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ان کے جیل سے ایئر کنڈیشنر نکلوانے کی بات کی تھی، اب وہ جیل میں ہیں لیکن میرا خیال اس طرف نہیں گیا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے جیل میں کمرے کی تصویریں وائرل
میاں محمد نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایسے شخص نہیں جو دل میں کینہ یا انتقام کی روش رکھیں۔ عمران خان کے طرز سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مل کر چلنے کی آفر دینے گیا تھا لیکن ان کا رویہ 25 سال سے روٹھے ہوئے شخص کی طرح ہے۔
عمران خان کو جیل میں دو اے سی لگانے کی سہولت دینا محض نواز شریف کا سیاسی بیان ہے جسے شاید ان کی بیٹی کے زیر انتظام پنجاب حکومت پورا نہ کرے کیونکہ پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے بقول عمران خان کا کمرہ جیل کم اور سسرال زیادہ دکھائی دیتا ہے۔
One Comment