اہم خبریں

ایشز سیریز میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی شرکت مشکوک، نیا کپتان کون ہوگا؟

کیا بہتری آتے ہی پیٹ کمنز فوری طور پر ایشز سیریز کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار ہوں گے؟

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی ایشز سیریز کے اتبدائی میچ میں شرکت مشکوک ہونے کی خبر نے سیریز کی تیاری میں مصروف آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔

مقامی میڈیا اور چند کرکٹ ویب سائٹس کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایشز سیریز کے ابتدائی میچ میں کپتان پیٹ کمنز کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

ان کے بقیہ میچز میں شرکت ان کے مکمل صحت مند ہونے سے جڑی ہے۔

کیا بہتری آتے ہی پیٹ کمنز فوری طور پر ایشز سیریز کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار ہوں گے؟ اس سوال نے بہت سے کرکٹ ماہرین کی رائے کے مطابق پوری سیریز میں کمنز کی شرکت کو مشکوک کر دیا ہے۔

 

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی انجری کیا ہے؟

 

32 سالہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز رواں سال کے ابتداء میں ویسٹ انڈیز ٹور کے دوران کمر کے نچلے حصے کی انجری کا شکار ہو ئے تھے۔

ان کے حالیہ سکین نے اس بات کو ظاہر کیا ہے کہ صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ تاہم یہ اس نوعیت کی ریکوری نہیں کہ وہ کپتانی اور ایک مستقل باؤلر کی حیثیت سے ایشز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر کو کھیلا جائے گا جس میں پیٹ کمنز کی شرکت مشکوک ہے۔

اس سے قبل یہ بات گردش کرتی رہی کہ کپتان کمنز انڈیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ وہ اپنی تمام تر توجہ ایشز پر مرکوز کریں گے ۔

تاہم حالیہ طبی صورتحال نے اس شرکت کو مشکوک بنا دیا ہے اور اب ان کے پہلے ٹیسٹ سے لیکر مکمل سیریز تک میں شرکت پر سوالیہ نشان ہے۔

 

کمنز کی غیر موجودگی میں کپتان کون ہوگا؟

 

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر کپتان پیٹ کمنز فٹ نہ ہو پائے تو کپتانی کون سنبھالے گا؟

ان کی غیر موجودگی میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کپتانی کے فرائض سر انجام دے سکتے ہیں۔

ان کے علاوہ نائب کپتان کی ذمہ داری نبھانے والے ٹریوس ہیڈ کا نام بھی آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کیلئے زیر غور ہے۔

لیکن سابقہ تجربے کی بنیاد پر ممکنہ طور پر اسٹیو اسمتھ ہی کپتانی کامنصب سنبھال پائیں گے۔

 

مزید پڑھیں : اکمل برادران کے عروج و زوال کی کہانی، قومی ہیرو قوم کیلئے میم کا سامان کیوں بنے؟

 

باؤلنگ میں پیٹ کمنز کا متبادل کون؟

 

اگر کپتان کمنز ایشز سیریز میں جگہ نہیں بنا پاتے تو آسٹریلین ٹیم کے باؤلنگ اٹیک پر دباؤ بڑھے گا۔

مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کمنز کے ساتھ مل کر آسٹریلوی ٹیم کو شاندار فاسٹ باؤلنگ اٹیک مہیا کرتے ہیں۔

کمنز کی غیر موجودگی میں دونوں باؤلرز پر بوجھ بڑھ جائے گا۔ اس کے علاوہ ان باؤلرز کو انڈیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کو بھی دیکھنا ہے۔

یوں کمنز کی غیر موجودگی میں پیدا ہونے والے خلاء کو پر کرنے کیلئے سکاٹ بولینڈ کی خدمات لئے جانے کا امکان موجود ہے۔

 

ایشز سیریز کی اہمیت:

 

ایشز سیریز ٹیسٹ کرکٹ کے فارمیٹ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی اہم ترین سیریز ہوتی ہے۔

یہ دنیا بھر میں کرکٹ کے زیادہ دیکھے جانے والے ایونٹس میں سے ایک ہوتا ہے۔

یہ ایونٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں باری باری کھیلا جاتا ہے۔

یہ ایونٹ تقریباً ہر دو سال کے بعد کھیلا جاتا ہے۔ اس سے قبل 2023 میں کھیلے گئے ایشز کا نتیجہ 2-2 سے برابر رہا۔

اس سے قبل سال 22-2021 میں کھیلی گئی سیریز میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 0-4 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔

 

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button