
ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بری خبر ، بجلی کے بلوں میں ملنے والا ریلیف واپس لوٹانا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپیہ 74 پیسے فی یونٹ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ قیمتوں کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر میں اپلائی ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے یہ فیصلہ سہ ماہی ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین سے یہ وصولی ستمبر سے لیکر نومبر تک کے بلوں میں کی جائے گی۔ یوں صارفین پر 43 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔
یاد رہے کہ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت نے اگست اور ستمبر کے بلوں میں 50 ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 201 یونٹ سے لیکر 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ کے حساب سے سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم اب بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے تقریباً 43 ارب روپے عوام کی جیبوں سے وصول کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:بجلی کےبل، بھائی بھائی کا گلہ کاٹ رہا
اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد کے شہریوں کیلئے 14 روپے فی یونٹ بجلی سبسڈی بھی واپس لے لی گئی تھی اور اب ستمبر کے بلوں میں وفاقی دارالحکومت میں رہنے والوں کو ریلیف میسر نہیں آئے گا۔
بجلی کے بلوں میں اضافے کے حوالے سے صحافی مغیث علی کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی مزید مہنگی کردی،قیمت میں 1.74 روپے فی یونٹ اضافہ، صارفین پر 43 ارب 23 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ پنجاب حکومت نے50 ارب کا ریلیف دینے کا اعلان کیاتھا، ابھی سے 43 ارب نکلوانے کا بم پھینک دیا گیا،اسلام آباد کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت پر 14 فی یونٹ سبسڈی واپس لے لی گئی ہے، یعنی حساب برابر، ایک ہاتھ سے دو، دوسرے سے لے لو۔