شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا منی ایم بی اے پروگرام کیا ہے؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے عوامی خدمت کے پیش نظر شاہد آفریدی فاؤنڈیشن بنا رکھی ہے جو فلاح عامہ کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔
ایسی ہی ایک کوشش میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ودودیہ کیمپس کراچی میں دوسری بار منی ایم بی اے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد والدین کو کاروباری اور مالیاتی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنی زندگیوں کو بہتر بنا سکیں اور مل کر، بااختیار خاندانوں اور خوشحال کمیونٹیز کے لیے راہ ہموار کر سکیں۔
View this post on Instagram
اس حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد پورے خاندانوں کو بااختیار بنا کر ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ ہم نہ صرف والدین کو مالی و کاروباری مہارتیں سکھا رہے ہیں، بلکہ انہیں ایک خود مختار اور کامیاب مستقبل کی طرف گامزن کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر زندگی فراہم کر سکیں۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ودودیہ محلہ کیمپس کراچی میں غریب ترین کمیونٹیز کی خدمت کرتے ہیں اور ان بچوں کو تعلیم تک رسائی فراہم کرتے ہیں جنہیں عام طور پر یہ موقع نہیں دیا جاتا۔ یہ اسکول فی الوقت 216 بچوں کا گھر ہے جو مخلوط تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:شاہد خان آفریدی کا قاسم سوری کو کرارا جواب
2014 میں معرضِ وجود میں آنے والی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن تعلیم، صحت، ایمرجنسی سروسز، صاف پانی کی فراہمی اور کھیل جیسے شعبوں میں عوام زندگی میں آسانی پیدا کر رہی ہے۔
گزشتہ دنوں ایک شو کے دوران شاہد خان آفریدی نے انکشاف کیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سیاست میں قدم رکھنا چاہتے تھے لیکن ان کے فیملی ممبر انہیں اس بات سے منع کرتے رہے کہ ان چیزوں سے دور رہیں۔ بعد ازاں 2021 میں انہوں نے واقعی سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ لے لیا۔ لیکن وہ اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے عوامی خدمت کے اس مشن پر گامزن ہیں۔