میلاف کولا بمقابلہ کوکا کولا

سعودی عرب نے کھجور سے تیار کردہ نیا کولا میلاف کولا متعارف کرایا ہے، جو روایتی میٹھے اجزاء جیسے مکئی کے شیرے اور گنے کی چینی کے برعکس کھجور کے قدرتی مٹھاس سےبنا ہے۔ یہ مشروب ریاض ڈیٹ فیسٹیول میں ثرث المدینہ کے سی ای او بندر القحطانی اور سعودی وزیر زراعت عبدالرحمن الفاضلی نے متعارف کرایا۔
میلاف کولا کے سامنے آنے کے بعد سے یہ سوال پیدا ہورہا ہے کہ کیا یہ سعودی مشروب اس قدر طاقت رکھتا ہے کہ یہ مشہور زمانہ کوکا کولا کو زیر کر سکے؟
اگر جامع تجزیہ کیا جائے تو جب دو اشیاء کا موازنہ کیاجاتا ہے تو ان کے فوائد اور کمزوریوں کی بنیاد پر فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کون بہترہے۔
اس بنیاد پر اگر میلاف کولا کو دیکھا جائے تو کوکا کولا کے برعکس اس کے اجزاء صحت کیلئے مفید ہیں جس میں مصنوعی میٹھے پر انحصار کرنے کی بجائے کھجور کی مدد لی گئی ہے جو کہ اپنی افادیت میں یکتا ہے۔اس کے علاوہ یہ مشروب کاربونیٹڈ نہ ہونے کی وجہ سے ماحول دوست بھی ہے۔
ایک ایسے وقت میں کہ جب مسلم دنیا میں بین الاقوامی پراڈکٹس جیسا کہ کوکا کولا کا بائیکاٹ چل رہا ہے، اس سعودی مشروب میلاف کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ برادر اسلامی ممالک میں اپنا نام بنائے۔
اس کے علاوہ صحت و تندرستی کے رحجانات بارے آگاہ کرتے ہوئے مارکیٹنگ کر کے میلاف کولا جلد دنیا بھر میں اپنی مارکیٹ بنا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: کوکا کولا کا متبادل سعودی عرب کا میلاف کولا
اب کوکا کولا کی بات کر لی جائے تو یہ صدیوں پرانا برانڈ ہے جو عالمی برتری رکھتا ہے اور دنیا بھر کے صارفین کا اس ڈرنک کے ساتھ ایک جذباتی تعلق ہے۔ میلاف کے برعکس یہ قیمت میں کم بھی ہے اور اپنا منفرد ذائقہ بھی رکھتی ہے۔
اپنی مارکیٹنگ کے ذریعے اس نے جو نقش ذہنوں پر چھوڑے ہیں انہیں جلد مٹانا مشکل ہوگا۔ اس لئے میلاف کولا کیلئے فوری طور پر کوکا کولا کو شکست دے کر اپنی جگہ بنا لینا مشکل عمل دکھائی دیتا ہے۔
اس کے برعکس اگر اس مشروب کو سعودی عرب کے علاوہ دیگر عرب ممالک اور پاکستان جیسے ممالک میں مؤثر طریقے سے متعارف کرایا جائے تو یہ دنیا کی چند مارکیٹوں میں کوکا کولا کی اجارہ داری کو ختم کر سکتا ہے۔