الوداع جیمز اینڈرسن

21 سال 188 ٹیسٹ میچز، 40 ہزار 37 گیندیں اور 704 وکٹیں، یہ بات ہو رہی ہے ٹیسٹ کرکٹ کے بادشاہ کھلاڑی جیمز اینڈرسن کی جن کے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد شائقین افسردہ ضرور ہیں لیکن انکے شاندار کیریئر کو داد دیئے بنا نہیں رہ پا رہے۔
جمعہ 12 جولائی 2024 کو ان کا آخری ٹیسٹ میچ تھا جو انہوں نے لارڈز کے کرکٹ سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے مدمقابل کھیلا جہاں انہوں نے 4وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 114 رنز سے شکست دی۔
جمعے کے روز میچ کا آغاز ہوا تو جیمز اینڈرسن کیلئے یہ ایک یادگار لمحہ تھا جب انکی ٹیم سمیت مخالف ٹیم بھی انکے استقبال کیلئے قطار بنائی کھڑی تھی اور شائقین کے جمی جمی کے نعروں سے سٹیڈیم گونج رہا تھا۔ اس موقع پر ایک سپورٹس چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اینڈرسن کاکہنا تھا کہ آج کی صبح ان کیلئے بہت جذباتی تھی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ بطور فاسٹ بولر 20 سال سے زائد کھیلنا اور پورے کیریئر میں زخمی ہوئے بنا لگاتار کھیلتے رہنا ان کیلئے خوش قسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے لمبے عرصے تک ٹیم کیلئے کھیلنے کو عظیم نوکری قرارد یا۔
مزید پرھیں: انوشکا اور ویرات کوہلی انڈیا کیوں چھوڑ رہے
2003 میں جب جیمز اینڈرسن نے کیرئیرکا آغاز کیا تو اس وقت انکی عمر صرف بیس برس تھی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا آغاز بھی اسی لارڈز کرکٹ سٹیڈیم سے ہوا تھا جہاں انہوں نے اپنا اختتامی میچ بھی کھیلا۔ 704 وکٹیں لے کر وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زائد وکٹیں لینے کا ریکارڈ لے کر رخصت ہوئے۔
جہاں ان کی ریٹائرمنٹ پر دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں نےانہیں خراج تحسین پیش کیا وہیں آئی سی سی سیمت سینئر کرکٹرز نے انکی خدمات کااعتراف کیا۔
آئی سی سی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے ان کی خدمات کے اعتراف میں شکریہ ادا کیا گیا جبکہ بابر اعظم نے بھی انکی خدمات کااعترف کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔