
پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز ہوں یا کارکنان کے، عدالتوں میں آجکل قہقہے بلند ہونا ایک عام سی بات ہو گئی ہے۔ دوران سماعت عدالت کبھی ایف آئی آر پر ہنستی ہے تو کبھی حکومتی وکلاء کے دلائل اور ثبوت دیکھ کر ججز اور وکلاء قہقہے بلند کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
9 مئی کے کیسز ہوں یا دہشت گردی کے دوسرے مقدمات ،عدالتی سماعتیں دلچسپی سے خالی نہیں ہوتی ہیں۔ کہیں ججز کو بتایا جاتا ہے کہ ایک ہی وقت میں ایک شخص کئی مقامات پر لوگوں کو اکسا رہاتھا، تو کہیں پولیس ایسا اسلحہ ملزمان پر ڈال دیتی ہے کہ عدالت سر پکڑ کر بیٹھ جاتی ہے۔ اور پھر حتمی نتیجہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کو ہی ہوتا ہے ، یعنی کہ ضمانت اور کیسز کا خارج ہونا ۔
ایسا ہی واقعہ آج جناح ہاؤس کیس کی سماعت کے دوران پیش آیا جہاں صحافی احمد وڑائچ کے مطابق تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی لاہور کے رہنما مہر واجد عظیم اور غلام محی الدین دیوان پلے کارڈز اور بینرز سے مسلح تھے، ان سے پلے کارڈز اور بینر برآمد کرنے ہیں۔ تفتیشی افسر نے جناح ہاؤس کیس میں عدالت کے سامنے ’’ناقابل تردید ثبوت‘‘ رکھے۔ عدالت میں قہقے، 14 افراد کی ضمانتیں کنفرم۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے اغواء ہونے والے ایم این اے حاجی امتیاز کو بالاآخر منظر پر لایا گیا ہے اور انہیں بھی اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا ہے لیکن ان کے سارے کیس کی کہانی بھی مضحکہ خیز ہے جو کہ کسی بھی عدالت میں گئی تو وہاں قہقہے سننے کو ملیں گے۔
مزید پڑھیں: خدانخواستہ سہیل وڑائچ کی پیشن گوئی سچ ہو گئی تو؟
صحافی احمد وڑائچ نے حاجی امتیاز کیس کے لطائف بیان کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ حاجی امتیاز اسلام آباد سے منڈی بہاوالدین گئے تو حراست میں لیا گیا، ایک دو دن بعد اینٹی کرپشن نے ایک کیس میں گرفتاری ڈالی کہ ٹھیکوں کیلئے ایک شخص سے رشوت لی۔ عدالت میں پیش کیا تو شہری نے کہا میں نے کوئی پیسے نہیں دیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم ریکوری کیلئے منڈی بہاوالدین لے کر گئی، واپسی پر ضلع گجرات کی حدود سے ’’نامعلوم افراد حراست سے چھڑا کر لے گئے‘‘۔ اہلخانہ نے بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جسٹس علی باقر نجفی نے سخت آرڈر جاری کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ حاجی امتیاز کی پرسوں ان کی والدہ سے بات کرائی گئی، جس میں حاجی امتیاز نے بتایا کہ کل تھانے لایا جائے گا، تھانے تو نہیں لایا گیا، آج اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ملتان ایئرپورٹ سے قطر فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔