زیر زمین پانی

پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی میں زیر زمین پانی ختم ہو گیا

سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں زیر زمین پانی ختم ہونے سے ہاسٹل میں مقیم طلبہ کو انتہائی پریشانی کا سامنا ہے۔
مئی کا مہینہ شروع ہوتے ہیں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی زیرزمین پانی آہستہ آہستہ ختم ہونے لگا اور اب تین ہفتوں سے زائد ہونے کو ہے پانی کی شدید قلت ہے۔ گرمی کی شدت اور بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے بھی واٹر ٹیبل بہت نیچے ہے۔
یونیورسٹی میں قائم ایک ہاسٹل کے منیجر نے طلبہ کی بارہا شکایت پر انہیں بتایا کہ یونیورسٹی کی طرف سے تمام تر کوششیں جاری ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ اس بات پر بھی راضی تھی کہ پانی کے ٹینکرز کا استعمال کیا جائے۔
تاہم انہوں نے بتایا کہ ٹینکرز ایسوسی ایشن انہیں پانی کی فراہمی سے انکاری ہے۔ ٹینکرز مالکان کا کہنا ہے کہ وہ سال بھر جن علاقوں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے ڈلیوری سروس دیتے ہیں ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں وہ انہیں چھوڑ کر نئے گاہگ بنا لیں اور وہ بھی چند ماہ کیلئے۔
زیر زمین پانی ختم ہونے کی وجہ سے طلبہ کو دن بھر مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ یوں تو یونیورسٹی میں اب گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز ہو چکا ہے تاہم آخری سیمسٹر کے طلباء اپنی ڈگری کی تکمیل کیلئےہاسٹل میں رکےہیں۔

مزید پڑھیں: پانی کیلئے اب خیبرپختونخوا بھی ٹینکر مافیا کے سپرد

ایسے ایک طالبعلم نے بتایا کہ وہ اپنے سپروائزر کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں آن لائن وقت دیں تا کہ وہ اس مشکل سے نجات پائیں اور گھر چلے جائیں۔لیکن زیادہ تر طلباء کو لیب ورک کیلئے بھی رکنا پڑتا ہے جو سہولیات گھروں میں میسر نہیں ہوتیں۔
کئی طلبہ ڈگری کے دوران اپنے آپ کو سپورٹ کرنے کیلئے جابز کے سلسلے میں بھی رہائش پذیر ہیں۔ان طلبہ کا کہنا ہے کہ بھلے یونیورسٹی سے چھٹیاں ہوں، آفس تو کھلے ہیں اور انہیں بہت دقت پیش آتی ہے جب پانی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس گرمی میں بنا نہائے دفتر کو جاتے ہیں۔
یونیورسٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ بھرپور کوشش کر رہی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ مون سون کی بارشیں شروع ہونے سے واٹر ٹیبل میں بہتری آئے گی اور یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔تاہم یہ معاملہ بڑے شہروں میں ختم ہوتے زیرزمین پانی کی نازک صورتحال کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ایسے میں ہمیں پانی کے منصفانہ استعمال کیلئے تگ و دو کرنا ہوگی۔

2 تبصرے “پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی میں زیر زمین پانی ختم ہو گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں