مشتاق احمد اب کونسے ملک کےکرکٹ ٹیم کوچ ہونگے؟

ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو منہ مانگی قیمت ادا کر کے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے منت سماجت کر رہا ہے وہیں ایک پاکستانی لیجنڈ کرکٹر کو بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کیلئے چن لیا گیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی ایک پریس ریلیز کے مطابق، پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور ورلڈ کپ فاتح مشتاق احمد کو بنگلہ دیش کا نیا اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
مشتاق احمد رواں ماہ کے آخر میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تیاری کے کیمپ سے قبل ٹیم میں شامل ہونے والے ہیں۔ وہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے اختتام تک بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
مشتاق احمد بولنگ کے شعبے میں کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سال 2008 سے لیکر 2014 تک انگلیڈ کرکٹ ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر کام جاری رکھا۔ انہوں نے 2014 سے 2016 تک پاکستانی ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر کام جاری رکھا۔
مزید پڑھیں: کرکٹر عالیہ ریاض کے ہمسفر کون؟
53 سالہ مشتاق احمد نے 2018 سے 2019 تک ویسٹ انڈیر کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ ہونے کے بعد ایک بار پھر 2020 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بطور سپن باؤلنگ کوچ جوائن کیا۔ اب انہوں نے ایک بار پھر انٹرنیشنل سطح پر اپنا کردار نبھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان میں سابق لیگ سپنر نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ ملنے کو قابل اعزاز قرار دیا ہے۔
اپنے شاندار کرکٹ کیریئر میں انہوں نے 52 ٹیسٹ میچوں میں 32.97 کی اوسط سے 185 وکٹیں حاصل کیں، اس کے ساتھ ساتھ 144 ون ڈے میچوں میں پاکستان کے لیے 161 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 1992 میں پاکستان کی ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا، جس نے فائنل میں گریم ہک کو اپنی ایک گوگلی سے آؤٹ کیا۔