کیا عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید فخر زمان کو واپس لائیں گے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے آج قذافی سٹیڈیم لاہور کے بعد ایک پریس کانفرنس کی جہاں انہوں نے کرکٹ سے جڑے مختلف موضوعات اور ٹیم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک موقع پر جب صحافی نے ان سے فخز زمان سے متعلق سوال کیا تو عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ فخر زمان ایک میچ ونر ہے، اس کے کچھ فٹنس کے مسائل چل رہے تھے، وہ بہتر ہوں گے تو سلیکشن کمیٹی فخر پر ضرور نظرِ ثانی کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ٹور کیلئے بھی فخز زمان کو سلیکٹ نہیں کیا گیا تھا اور اب زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے بھی انہیں سلیکٹ نہیں کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ میری لئے کوچنگ کوئی نئی چیز نہیں ہے۔ میں پچھلے بیس سال سے ہر انٹرنیشنل لیول اور پاکستان میں کوچنگ کر رہا ہوں۔ بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سلیکشن کمیٹی تبدیل ہوئی تو ذمہ داری تھی کہ ایسی ٹیم بنائی جائے کے مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں۔
مزید پڑھیں:فخر زمان کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم ہونے کی وجہ عمران خان؟
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اس کے کافی اچھے نتائج بھی سامنے آئے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنا اور کسی کے دماغ میں نہیں آرہا تھا کہ آپ 22 سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتیں گے۔ سلیکشن کے حوالے سے کافی مثبت کام ہوئے ہیں اور نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔
عبوری ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ جب سے ہم نے بطور سلیکٹر کام شروع کیا ہے تو کپتان اور کوچ سے کنسلٹ کرنے کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا گول ہے کہ جو کھلاڑی میسر ہیں ان میں سے بیسٹ الیون بنا کر پاکستان کیلئے میچ جیتنے کی کوشش کریں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی تک عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ان کے مستقبل بارے فیصلہ کیا جائے گا۔