وکیل رہنما پاکستان تحریک انصاف ابوذر سلمان نیازی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو ریاستی سرپرستی میں ختم کرنے کی کوششوں کے باوجود زندہ رکھنے والی تین چیزیں:پی ٹی آئی سوشل میڈیا،پی ٹی آئی سوشل میڈیا ،پی ٹی آئی سوشل میڈیا۔
ابوذر سلمان نیازی کے پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر اس قدر زور دینے کی وجہ پی ٹی آئی کے اپنے اندر سے سوشل میڈیا ٹیم کے خلاف اٹھنے والے آوازوں کے بعد کا رد عمل ہے۔پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اور اسے کنٹرول کرنے والے افراد کو گزشتہ دو سالوں میں بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایسی ہی کارروائیوں کا سامنا کرنے والے اظہر مشوانی جن کی فیملی بھی اس کرب سے گزری ہے نہ گزشتہ روز اسی حوالے سے ایک ٹویٹ کی تھی جس میں اظہر مشوانی کاکہنا تھا کہ پہلے یہ اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ تھا اب ہمارے کچھ نئے اور پرانے پارٹی عہدیدار یہ بات کرتے نظر آتے ہیں کہ “سوشل میڈیا معاملات خراب کرتا ہے، ورنہ “ستے خیراں” ہے” دست بستہ عرض ہےکہ: سوشل میڈیا صرف ایک آئینہ ہے جو آپ کو ذمینی حقیقتوں کا اصل عکس دکھاتا ہے۔
اظہر مشوانی نے سوال اٹھایا کہ کیا عمران خان اور اس کے ورکرز کو سوشل میڈیا والوں نے گولیاں ماریں؟ عمران خان اور اس کے ورکرز کو جان سے مارنے اور “ریڈ لائن” لگانے کی دھمکیاں سوشل میڈیا نے دیں؟ کیا سوشل میڈیا والوں نے پچھلے دو سال میں 20 ہزار شہریوں کو جیلوں میں ڈالا؟ ہزاروں نوجوانوں کو اغوا کر کے تشدد کیا؟ ہزاروں جھوٹے پرچے کیے؟ سوشل میڈیا والوں نے عمران خان کی بیوی پر گھٹیا ترین کیسز بنائے؟ لوگوں کی ماؤں بہنوں کو جیلوں میں ڈالا؟ لاکھوں گھروں پر بار بار چھاپے مارے؟
مزید پڑھیں:عمران خان کا سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے اہم ترین پیغام
اظہر مشوانی کا مزید کہنا تھا کہ کیا سوشل میڈیا والوں نے ججز کے بیڈرومز میں کیمرے لگائے؟ دو تہائی اکثریت کو سائیڈ پر رکھ کے فارم 47 حکومت بنائی؟ ایم این ایز اور سینیٹرز کو اغوا کر کے آئینی ترمیم سے سپریم کورٹ پر قبضہ کیا؟ اگر یہ سب سوشل میڈیا نہیں کر رہا تو معاملات سوشل میڈیا کیسے خراب کرتا ہے؟
اظہر مشوانی کے ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بلکل درست۔ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا حقیقی معنوں میں عمران خان کے نظریے کی عکاسی کرتا ہے ۔ اس دور میں سچ بیان کرنا بھی بڑی ہمت کا کام ہے اور ہمارے سوشل میڈیا نے یہ کام بخوبی سرانجام دیا۔
سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری بھی اظہر مشوانی کی رائے سے متفق ہوتے ہوئے بولے کہ سوشل میڈیا صرف ایک آئینہ ہے جو آپ کو زمینی حقائق کا اصل عکس دکھاتا ہے، پاکستان تحریکِ انصاف کا سوشل میڈیا عمران خان کے نظریے کو دنیا تک پہنچانے کا اہم ترین فرض ادا کرتا ہے اور یہی سوشل میڈیا ہے کہ جس نے 8 فروری کو گاجر، مولی، شلغم، کھمبوں کو ووٹ ڈلوا کر دنیا میں تاریخ رقم کردی۔
صحافی صدیق جان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے مسئلہ یہ ہے کہ یہ خریدا نہیں جا پارہا،جیسے عدلیہ سمیت سب کو فتح کر لیا گیا ہے۔