عمران ریاض کے بعد ایک اور صحافی غائب

اینکر پرسن سینئر صحافی عمران ریاض خان کے بعد ایک اور صحافی غائب کر دیئے گئے۔ نجی نیوز چینل سے وابستہ سلمان مرزا کو 6 فروری کو ان کے گھر سے اغواء کیا گیا جس کے بعد سے ان کے بارے اب تک کوئی خبر موصول نہ ہو سکی۔
سلمان مرزا کی اہلیہ ماہ کے مطابق 6 فروری کو دن تین بجے ان کے گھر پر کئی گھنٹیاں بجیں جس پر سلمان مرزا باہر گئے تو معلوم پڑا کے وہ لوگ سلمان کو لینے آئے ہیں۔اہلیہ کے مطابق سول کپڑوں میں ملبوس چند افراد پولیس کی سرپرستی میں اس عمل میں شریک تھے۔ یہ لوگ ایک ویگو اور تین پولیس موبائلز کے ساتھ آئے اور سلمان کو لے گئے۔سلمان مرزا کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وہ پولیس اسٹیشن رپورٹ کرانے گئیں تو ان کی ایف آئی آر درج نہ کی گئی۔ وہاں موجود عملے نے کہا کہ اس طرح تو ایجنسیوں کے لوگ اٹھاتے ہیں ہم ایف آئی آر درج نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: کون کون دھاندلی میں ملوث کمشنر نے سب بتا دیا

اہلخانہ کے مطابق چند لوگوں کا کہنا تھا کہ سلمان مرزا نے کچھ ویڈیوز بنائیں ہوں گی جس کے باعث انہیں اٹھایا گیا۔ تاہم ان کی اہلیہ کاکہنا ہے کہ ان کے پاس سلمان مرزا کے سارے اکاؤنٹس موجود ہیں۔ کوئی ایسی چیز موجود نہیں جس کی بنیاد پر ایسی کارروائی عمل میں لائی گئی ہوں۔
سلمان مرزا کی گرفتاری کے بعد سے ان کی اہلیہ ان کے یوٹیوب اکاؤنٹس سے ویڈیو پیغامات کے ذریعے عوام کو صورتحال سے آگاہ کر رہی ہیں۔ تاہم ان کے بقول اب تک کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
سلمان کی اہلیہ کے مطابق میڈیا ان کے شوہر کے حق میں خبر چلانے سے گریزاں ہے جس سےمعلوم ہوتا ہے کہ ان پر کافی پریشر ہے ۔ تاہم انہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے گزارش کی کہ وہ آواز اٹھائیں۔
صحافی احتشام عباسی نے بھی سلمان مرزا سے متعلق اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ان کے گھر والے بہت پریشان ہیں ان کیلئے آواز اٹھائیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل صحافی عمران ریاض بھی کافی عرصہ غائب رہنے کے بعد منظر عام پر آئے تو وہ ناقابل بیان حالت میں پائے گئے ۔ تاہم اب یہ دوسری بار ہے کہ ایک صحافی کو منظر عام سے غائب کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں