بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں کے ذریعے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کیلئے خصوصی پیغام بھجوایا ہے۔ کورٹ رپورٹر زبیر علی خان کے مطابق عمران خان نے چیف جسٹس کوقرآن مجید کی پانچویں سورت کی 8ویں آیت پڑھنے کا مشورہ دیا جس کا ترجمہ یوں ہے : اے ایمان والو! اللہ کے واسطے انصاف کی گواہی دینے کے لیے کھڑے ہو جاؤ، اور کسی قوم کی دشمنی کے باعث انصاف کو ہرگز نہ چھوڑو، انصاف کرو کہ یہی بات تقویٰ کے زیادہ نزدیک ہے، اور اللہ سے ڈرتے رہو، بے شک اللہ اس سے خبردار ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے چیف جسٹس کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ قرآنی آیت پڑ ھیںجس میںکہا گیا ہے کہ دشمنوں سے بھی اتنی نفرت نہ کرو کہ انصاف نہ کر سکو۔
عمران خان نے یہ بات آج اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔ عمران خان کے خلاف آج جیل میں تین اہم کیسز کی سماعت ہوئی جن میں توشہ خانہ نیب ریفرنس کیس، سائفر کیس اور عدت میں نکاح کا کیس شامل ہے۔
عمران خان کی صحافیوں سے یہ گفتگو اس حوالے سے بہت اہمیت کی حامل تھی کہ سپریم کورٹ سے بلے کا نشان چھینے جانے کے بعد یہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحافیوں سے پہلی ملاقات تھی۔
چیف جسٹس کو قرآنی آیت پڑھنے کا مشورہ دینے کے ساتھ عمران خان کا کہنا تھا کہ سب کچھ لندن پلان کے تحت چل رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہا افسوس ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان بھی لندن پلان کے تحت چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلے کے کیس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ہونا چاہیے تھا۔
مزید پڑھیں: بلا نشان چھننے کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف ایک اور کارروائی
عمران خان نے کہا کہ ریکارڈ پر ہے کہ نواز شریف نے توشہ خانہ سے مرسڈیز لی اور مریم نواز نے بی ایم ڈبلیو گاڑی لی۔ ان کے سارے کیسز بند ہیں۔ ہمارا ایک کیس بند ہوتا ہے تو دوسرا شروع ہو جاتا ہے۔
انتخابی ٹکٹوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مشاورت کیلئے رجسٹرجیل کے اندر لانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ اس بات لا علم ہیں کہ کس کو ٹکٹ ملا اور کسے ٹکٹ نہ ملا۔
8 فروری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو عوام کے غم و غصے کا اندازہ ہی نہیں ہے۔ 8 فروری کو عوام اپنا غصہ نکالے گی اور ان کو بہٹ بڑا دھچکہ لگنے والا ہے۔ ہمارے لوٹوں کےساتھ عوام جو حال کرے گی سب دیکھیں گے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ صحافیوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے اپنے ووٹرز سے اپیل کی کہ جو لوگ عمران خان کو باہر دیکھنا چاہتےہیں وہ پی ٹی آئی کے نامزد کردہ امیدوارں کو 8 فروری کو ووٹ دیں۔