آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ فروری 2026 صاحبزادہ فرحان
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں صاحبزادہ فرحان نے سات میچز میں 383 رنز بنائے جو اس پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز تھے۔ ان کی اوسط 76.60 اور اسٹرائیک ریٹ 160.25 رہا جو ان کی جارحانہ اور با اعتماد بیٹنگ کا ثبوت ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے ایک اور تاریخی کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے آئی سی سی مردوں کے فروری 2026 کے مہینے کیلئے پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
یہ اعزاز انہیں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں ان کی شاندار اور ریکارڈ توڑ کارکردگی کی بدولت دیا گیا ہے۔
پلیئر آف دی منتھ صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی پر نظر
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں صاحبزادہ فرحان نے سات میچز میں 383 رنز بنائے جو اس پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز تھے۔ ان کی اوسط 76.60 اور اسٹرائیک ریٹ 160.25 رہا جو ان کی جارحانہ اور با اعتماد بیٹنگ کا ثبوت ہے۔
وہ ریکارڈ جو فرحان کے ہاتھوں ٹوٹے
- ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ویرات کوہلی کا 319 رنز کا ریکارڈ توڑا ۔
- ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے اور واحد بلے باز
- فخرزمان کے ساتھ مل کر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری — کسی بھی وکٹ پر176 رنز
- نومبر 2024 کے بعد پہلے پاکستانی مرد کھلاڑی جنہوں نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ جیتا (حارث رؤف کے بعد)
ایورڈ ملنے پر سٹار بلے باز کا رد عمل:
آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ فروری 2026 ایوارڈ ملنے پر صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھاکہ
"یہ ایوارڈ جیتنا ایک ناقابلِ یقین احساس ہے، خاص طور پر ورلڈ کپ کے اسٹیج پر کی گئی کارکردگی پر — جہاں دنیا بھر کے شائقین ہر لمحہ دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اس سے یہ اور بھی خاص بن جاتا ہے۔ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا بے حد شکرگزار ہوں — یہ ان کے بغیر ممکن نہ ہوتا۔”
ایوارڈ کا عمل
آئی سی سی کا یہ ایوارڈ دنیا بھر کے رجسٹرڈ مداحوں کے ووٹ اور سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندوں پر مشتمل ایک ماہرین کے پینل کی رائے سے دیا جاتا ہے۔ فرحان نے انگلینڈ کے ول جیکس شیڈلی وان کو شکست دی۔
سٹار بلے باز کو محنت درکار
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرحان کو ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا — یہ ان کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بلاوا تھا۔ اگرچہ بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں ان کا بلا زیادہ نہیں چل سکا، مگر ان کی پوری کرکٹ برادری میں نظریں ٹکی ہیں۔
ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرا مقام اور آئی سی سی کا یہ ایوارڈ ثابت کرتا ہے کہ صاحبزادہ فرحان کا مستقبل روشن ہے۔تاہم انہیں کارکردگی میں تواتر لانے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔



