زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بھارتی ڈاکٹر کی آخری خواہش، ڈائری منظرِعام پر

کولکتہ کے آر جے کار میڈیکل کالج کی ٹرینی ڈاکٹر جنہیں زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا ان کی ذاتی ڈائری نے زخموں کو مزید تازہ کر دیا ہے۔ان کے والد نے بیٹی کی آخری دن کی ڈائری کے بارے میں بتایا ہے۔
ٹرینی ڈاکٹر کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی بہت محنتی تھی اور روزانہ دس سے بارہ گھنٹے پڑھا کرتی تھی۔ وہ بہت کچھ کرنا چاہتی تھی۔ اس کی خواہش تھی کہ اعلیٰ درجے کی ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرے۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں مقتول ٹرینی ڈاکٹر کے والد نے بتایا کہ وہ ڈائری لکھنے کی عادی اور شوقین تھی۔ جس دن اُسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا اُس دن بھی اُس نے ڈائری لکھی تھی۔ زندگی کی اِس انٹری میں اُس نے اُن خوابوں کا ذکر کیا تھا جنہیں وہ شرمندہ تعبیر کرنا چاہتی تھی۔
اس نے آخری ڈائری انٹری میں لکھا تھا کہ وہ میڈیکل میں گولڈ میڈل حاصل کرنا چاہتی تھی۔ وہ طب کے شعبے کے لیے اپنی زندگی وقف کرنا چاہتی تھی۔ یہ سب کچھ اس نے آر جے کار میڈیکل کالج میں اپنی نائٹ شفٹ کے لیے روانہ ہونے سے کچھ ہی دیر قبل لکھا تھا۔
مزید پڑھیں:شادی کیوں نہ کی؟ بار بار کے طعنے پر شخص قتل
مقتول ڈاکٹر کے والد نے بتایا کہ بیٹی کے ڈاکٹر بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے خاندان نے بہت قربانیاں دیں۔ اس کے قتل سے پورا گھرانہ نفسیاتی اعتبار سے شکست و ریخت کا شکار ہوکر رہ گیا ہے۔
مقتول ٹرینی ڈاکٹر کے والد کا کہنا تھا کہ پہلے پہل بتایا گیا کہ اُن کی بیٹی نے خود کشی کی ہے مگر پھر پتا چلا کہ اُس کے ساتھ تو زیادتی کی گئی تھی۔ یہ واقعہ رات تین اور صبح پانچ بجے کے درمیان کا ہے۔ ٹرینی ڈاکٹر اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد سیمنار ہال سے باہر آرہی تھی کہ اغوا کرلی گئی۔ والد کہنا ہے کہ ان کی بیٹی تو اب کبھی واپس نہیں آسکتی تاہم مجرم کو قرار واقعی سزا ملنے سے دل کو سکون ضرور ملے گا۔