پنک سالٹ کی پراسیسنگ، پیکنگ اور برآمدی صنعت کے لیے 50 لاکھ سے پانچ کروڑ روپے تک قرضے؛ قائدآباد میں 110 ایکڑ صنعتی زون، روزگار اور برآمدات بڑھانے کے اہداف
پنجاب حکومت نے گلابی نمک کو زیادہ قدر رکھنے والی تیار مصنوعات میں تبدیل کرکے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے چیف منسٹر پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم شروع کی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد کاروباری اداروں کو سرمایہ فراہم کرنا ہے تاکہ نمک کی صفائی، پراسیسنگ، پیکنگ اور برانڈنگ پاکستان میں ہو اور اس سے پیدا ہونے والی معاشی سرگرمیوں کا فائدہ مقامی صنعت اور افرادی قوت کو پہنچے۔
محکمہ معدنیات پنجاب کے مطابق پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا مجموعی قرضہ پورٹ فولیو پانچ ارب روپے ہے، جبکہ ہر اہل چھوٹا یا درمیانہ کاروباری ادارہ پانچ کروڑ روپے تک بلاسود فنانسنگ حاصل کرسکتا ہے۔
پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن کا مطلب کیا ہے؟
ویلیو ایڈیشن سے مراد کسی خام چیز کو مختلف مراحل سے گزار کر ایسی تیار مصنوعات میں تبدیل کرنا ہے جس کی تجارتی قیمت زیادہ ہو۔ گلابی نمک کے معاملے میں اس میں صفائی، چھانٹی، پسائی، ریفائننگ، مختلف سائز میں تیاری، معیاری پیکنگ اور اپنی شناخت کے ساتھ مارکیٹنگ شامل ہوسکتی ہے۔
مثلاً کان سے حاصل ہونے والے نمک کو خام شکل میں فروخت کرنے کے مقابلے میں اسے صاف کرکے، صارفین کی ضرورت کے مطابق پیک کرکے اور پاکستانی برانڈ کے تحت فروخت کرنے سے مقامی سطح پر کاروبار کے مزید مراحل پیدا ہوتے ہیں۔ حکومت کی سکیم پراسیسنگ اور پیکنگ کے ساتھ نمک سے تیار کردہ آرائشی مصنوعات کی برآمدات کو بھی فروغ دینا چاہتی ہے۔
درخواست کہاں دی جاسکتی ہے؟
سرمایہ کاروں کو محکمہ معدنیات کے مخصوص پورٹل pinksalt.punjab.gov.pk کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے خواہش مند افراد موجودہ طریقۂ کار محکمہ معدنیات پنجاب یا ہیپلپ لائن 1325 پر کال کر سکتے ہیں۔
قائدآباد میں 110 ایکڑ صنعتی زون کی کیا اہمیت ہے؟
فنانسنگ سکیم کے ساتھ قائدآباد، ضلع خوشاب میں 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون کا منصوبہ بھی وابستہ ہے۔ افتتاحی بریفنگ میں یہاں تقریباً 200 ویلیو ایڈیشن یونٹس اور دس ہزار کے قریب روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف پیش کیاگیا ہے۔
پاکستان کو ویلیو ایڈیشن کی ضرورت کیوں ہے؟
حالیہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں پنک راک سالٹ کی متعلقہ برآمدی کیٹیگری کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 43 لاکھ ڈالر تھی، جو مالی سال 2026 میں تقریباً 3 کروڑ 22 لاکھ ڈالر رہی۔
اسی جواب میں ویلیو ایڈڈ حصے کی برآمدات بالترتیب تقریباً 11 لاکھ 30 ہزار ڈالر اور 34 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہیں۔ ان اعداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ تیار مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوا، لیکن اس شعبے میں مزید مقامی پراسیسنگ اور برانڈنگ کی گنجائش موجود ہے۔
اس مار سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ غیر ملکی برانڈنگ کے بعد پاکستانی گلابی نمک کی حتمی عالمی ریٹیل مالیت کا قابلِ اعتماد جامع ڈیٹا دستیاب نہیں۔ لہٰذا خام نمک کی مقامی قیمت اور بیرون ملک کسی ایک دکان کی پیک شدہ مصنوعات کی قیمت کا فرق، پورے شعبے کے منافع یا پاکستان کے نقصان کا قطعی حساب نہیں بنتا۔
