ایپل صارفین

ایپل صارفین کیلئے ڈیوائس ان لاک کرنے کا نیا فیچر کیا ہے

سمارٹ فونز کو فنگر پرنٹ، پیٹرن یا فیس لاک کے ذریعے ان لاک کرنا تو آپ نے سن رکھا ہو گا لیکن اب ایپل اپنے صارفین کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جس کی مدد سے صارفین اب دل کی دھڑکن سے بھی ڈیوائس ان لاک کر پائیں گے۔
ایپل واچ میں دیئے گئے ای سی جی فیچر کے ذریعے پہلے دل کی دھڑکن کو مانیٹر کیا جاسکتا ہے لیکن اب ایپل ہارٹ ان لاک نامی فیچر متعارف کرانے لگا ہے جس سے آئی واچ پہنے صارفین دل کی دھڑکن سے ڈیوائس ان لاک کر پائیں گے۔
ہر انسان کی دل کی دھڑکن کا ردھم مختلف ہوا کرتا ہے۔ اسی لئے اس ٹیکنالوجی کومتعارف کرانے سے ایپل صارفین کی ڈیوائس سیکورٹی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔
آئی واچ میں دل کی دھڑکن ناپنے کا یہ فیچر پہلے سے ہی موجود ہے جس کی مددسے صارفین یا تو واچ کے پچھلے حصے سے سینسر کی مدد سے یا پھر انڈیکس فنگر رکھ کر دل کی دھڑکن ناپ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایپل واچ سے خاتون کی جان بچانے والا ڈاکٹر

ایپل واچ کے ذریعے خاتون کی جان بچانے کا ایک واقعہ بھی گزشتہ دنوں انڈیا سے سان فرانسسکو جانے والی فلائٹ میں پیش آیاتھا جہاں دوران پرواز خاتون کی طبعیت بگڑ گئی تھی۔
اس پر وہاں فلائٹ میں موجود ڈاکٹر نے خاتون کی ایپل واچ کے ذریعے ای سی جی کرتے ہوئے انہیں ایک ٹیبلٹ دی جس سے وہ سان فرانسسکو تک باآسانی پہنچ گئیں۔
ایپل واچ کے ذریعے جان بچانے کے اس واقعے کو میڈیا پر بہت پذیرائی ملی تھی۔ لیکن اب آئی فون میں بھی ایسا فیچر متعارف کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے مستند طریقے سے دل کی دھڑکن کو ناپا جاسکے۔
اس فیچر کے متعارف ہونے کے بعد آئی فون صارفین صرف ڈیوائس ہاتھ میں پکڑ کر دل کی دھڑکن مانیٹر کر سکیں گے جبکہ اس کے ساتھ وہ اس سے فون بھی ان لاک کر سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں